رسائی کے لنکس

فٹبال ورلڈ کپ: انگلینڈ ہار گیا، بیلجیم کی تیسری پوزیشن


فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں بیلجیم نے انگلینڈ کو دو۔صفر سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں یہ بیلجیم کی بہترین پرفارمنس ہے۔

بیلجیم کی ٹیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور کھیل کے چوتھے ہی منٹ میں مڈفیلڈر تھامس میونیر نے چیڈلی کے پاس پر خوبصورت گول کرکے ٹیم کو ایک۔صفر سے برتری دلا دی۔

میونیر کا یہ گول ورلڈ کپ مقابلوں میں نہ صرف بیلجیم کی جانب سے کم ترین وقت میں کیا گیا گول ہے بلکہ انگلینڈ کے خلاف بھی یہ کم سے کم وقت میں ہونے والا گول ہے۔

میچ کی شروعات ہی میں ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد انگلش پلیئرز نے حریف ٹیم کے گول پر کئی حملے کیے۔ لیکن، گول میں تبدیل نہ کرسکے اور پہلا ہاف ایک گول سے بیلجیم کی برتری پر انجام کو پہنچا۔

دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں انگلینڈ نے یکے بعد دیگر دو تبدیلیاں کیں۔ رحیم اسٹرلنگ کی جگہ مارکس ریشفورڈ اور ڈینی روز کی جگہ جیسے لنگارڈ کو میدان میں اُتارا جبکہ 52 ویں منٹ میں انگلینڈ کے جان اسٹونیس کو میچ کا پہلا یلو کارڈ دکھایا گیا۔

82 ویں منٹ میں بیلجیم کے مڈفیلڈر ایڈن ہیزارڈ نے گول کرکے ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔ یوں انگلینڈ کو دو۔صفر سے شکست دے کر بیلجیم نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

اس ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں دوسری بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں، گروپ مرحلے میں بیلجیم نے انگلینڈکو ایک۔صفر سے شکست دی تھی۔

2002ء کے ورلڈ کپ میں ترکی اور برازیل کے بعد انگلینڈ اور بیلجیم پہلی ٹیمیں ہیں جو کسی ایک ایونٹ میں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں۔

ورلڈ کپ کا فاتح کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ اتوار کو فرانس اور کروشیا کے درمیان فائنل کے بعد ہوگا۔

XS
SM
MD
LG