رسائی کے لنکس

آسکرز 2022: نامزد گانوں کے گلوکار تقریب کو چار چاند لگانے کے لیے تیار


آسکرز 2022 کی تقریب میں گلوکارہ بلی آئلش اپنے گانے 'نو ٹائم ٹو ڈائی' پر پرفارم کریں گی۔
آسکرز 2022 کی تقریب میں گلوکارہ بلی آئلش اپنے گانے 'نو ٹائم ٹو ڈائی' پر پرفارم کریں گی۔

ہالی وڈ کے معتبر ایوارڈ 'آسکرز 2022' کی رنگا رنگ تقریب رواں ہفتے اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔

آسکرز کی تقریب سے چند روز قبل ہی 23 مارچ کو منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ ایوارڈز کے لیے نامزد گانوں کے گلوکار تقریب میں پرفارم بھی کریں گے۔

تقریب میں امریکہ کی گلوکارہ بیونسے اپنے نامزد گانے 'بی الائیو' پر پرفارم کریں گی جب کہ گلوکارہ بلی آئلش اپنے گانے 'نو ٹائم ٹو ڈائی' پر پرفارم کریں گی۔

اس کے علاوہ آسکرز کے لیےاینی میٹڈ فلم 'انکانٹو' کے نامزد گانے 'دوس اوروگیتاس' کے گلوکار سیباسٹن یاترا تقریب میں گلوکاری کا جادو جگائیں گے۔ امریکی گلوکارہ ریبا میک اینٹائر اپنے گانے 'سم ہاؤ یو ڈو' پر پرفارم کریں گی۔

دوسری جانب گلوکار وین موریسن کا گانا 'ڈاؤن ٹو جوائے' بھی آسکرز کے لیے نامزد ہوا تھا البتہ وہ اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے تقریب میں اپنے گانے پر پرفارم نہیں کرسکیں گے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق آسکرز کی 'بہترین اوریجنل سونگ' کی کیٹیگری کا ایوارڈ گانا لکھنے والے کو دیا جاتا ہے۔ رواں برس اس کیٹیگری میں جو بھی یہ ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگا وہ اس کا پہلا آسکر ہوگا۔

اس ایوارڈ کی ریس میں بہترین اوریجنل سونگ کی کیٹیگری میں نامزد گانے 'بی الائیو' کے رائٹر ڈکسن کے ساتھ ساتھ گانے کی شریک رائٹر گلوکارہ بیونسے بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رائٹر ڈاین وارن اس سال تیرہویں مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہوئے ہیں لیکن وہ ایک بار بھی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ اگر اس سال ان کا گانا 'سم ہاؤ یو ڈو' آسکر جیت جاتا ہے تو یہ ان کا پہلا آسکر ایوارڈ ہو گا۔

آسکر کے لیے نامزد 'اینکانٹو' فلم کے گانے 'دوس اوروگیتاس' کے رائٹر لن مینوئل مرانڈا اگر اس بار آسکر جیت جاتے ہیں تو وہ 'ای جی او ٹی' کلب میں شامل ہو جائیں گے یعنی ان کا شمار ان افراد میں ہو گا جو ایمی، گریمی، آسکر اور ٹونی ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG