رسائی کے لنکس

گریمی 2023: بیونسے نے تاریخ رقم کر دی، 'البم آف دی ایئر' کا ایوارڈ ہیری اسٹائلز کے نام


موسیقی کی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز 'گریمی' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے تاریخ رقم کر دی ہے۔

اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں 65ویں گریمی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس شام پاپ سپر اسٹار بیونسے چار ایوارڈز اپنے نام کر کے کریئر میں سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز جیتنے والی فن کار بن گئیں۔

گلوکارہ بہترین البم کا ایوارڈ تو اپنے نام نہ کر سکیں لیکن انہیں بہترین ڈانس/ الیکٹرانک البم، بہترین آر اینڈ بی سونگ، بہترین ڈانس/ الیکٹرانک ریکارڈنگ اور بہترین ٹریڈیشنل آر اینڈ بی پرفارمنس کی کیٹیگریز میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

مذکورہ ایوارڈز کے بعد بیونسے کے کریئر میں کُل گریمی ایوارڈز کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔

بیونسے نے موسیقی کی دنیا کے بڑے نام اور سب سے زیادہ گریمی اپنے نام کرنے والے جارج سولٹی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ جنہوں نے اپنے کریئر میں 31 گریمی حاصل کیے تھے۔

اس موقع پر گلوکارہ نے کہا کہ "میں اپنے جذبات پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہوں اور میں خدا کی بے حد شکر گزار ہوں۔"

رواں برس البم آف دی ایئر ایوارڈ کا ایوارڈ ہیری اسٹائلز کے 'ہیری ہاؤس' کو ملا۔ اس کیٹیگری کے لیے ان کے ساتھ بیونسے، بیڈ بنی، لزو، ایڈیلی اور سوئیڈش گروپ ایبا مدِ مقابل تھے۔

گریمی 2023 میں امریکی گلوکارہ برینڈ کارلائل اور ریپر کینڈرک لمار نے تین تین ایوارڈز حاصل کیے۔

اداکارہ وایولا ڈیوس کو ان کی آڈیو بک 'فائنڈنگ می' پر گریمی سے نوازا گیا، جس کے بعد وہ ایمی، گریمی، آسکر اور ٹونی ایوارڈ جیتنی والی 'ایگوٹ' کی فہرست میں شامل ہو گئیں۔

گلوکار ہیری اسٹائلز نے بہترین 'پاپ ووکل البم' کا بھی ایوارڈ اپنے نام کیا۔

یاد رہے کہ فاتحین کا فیصلہ ریکارڈنگ اکیڈمی کے تقریباً 11 ہزار ممبران نے کیا ہے جنہیں ماضی میں سیاہ فام ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی نہ کرنے پر خاصی تنقید کا سامنا رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG