ایک برطانوی سائیکلسٹ مارک بیوماؤنٹ نے دنیا کے گرد 80 دن میں سائیکل کر چکر لگانے کا افسانوی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
یہ ریکارڈ 1873 میں فلیز فوگ نے قائم کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلیز فوگ کوئی حقیقی کردار نہیں ہے بلکہ وہ 1873 میں شائع ہونے والے ایک کلاسیک ناول، جس کا نام ’ دنیا کے گرد 80 دن میں چکر’ ہے، کا ایک افسانوی کردار ہے۔
اس نے دنیا کا سفر ریل گاڑی، بحری کشتی، اور غبارے میں سواری کے ساتھ مکمل کیا تھا۔
اس کاسیک ناول کے خالق ہیں جولیس ورن ، جن کے تحریروں کی وجہ شہرت سائنس فکشن تھی۔ اس دور میں ہوائی جہازوں اور آبدوزوں کا کوئی وجود نہیں تھا لیکن ان کے ناولوں کے کردار یہ ایجادات اور خودکار مشینیں استعمال کرتے تھے۔
برطانوی سائیکلسٹ مارک بیوماؤنٹ نے جولیس ورن کے افسانوی کردار فلیز فوگ کا دنیا کے گرد 80 دن میں چکر لگانے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے اپنا سفر 79 دن میں مکمل کیا۔ مزید یہ کہ انہوں نے سفر کا زیادہ تر حصہ اپنے سائیکل پر مکمل کیا، ماسوائے سمندر کے ، جہاں وہ سائیکل چلا نہیں سکتے تھے۔
مارک کی عمر 34 سال ہے۔ وہ شوقیہ طور پر سائیکل چلاتے ہیں۔ اپنی اس مہم کے دوران انہوں نے 76 دن روزانہ 16 گھنٹوں تک سائیکل چلائی۔
مارک کہتے ہیں کہ میں صبح ساڑھے تین بجے اپنا سفر شروع کرتا تھا اور 16 گھنٹے تک مسلسل سائیکل چلاتا تھا۔
انہوں نے 79 دنوں میں 29000 کلومیٹر کا سفر طے کر کے دنیا کے گرد چکر مکمل کیا۔ تاہم بحراقیانوس اور بحرالکائل عبور کرنے کے لیے انہیں اپنے سائیکل سمیت ہوائی جہاز میں سوار ہونا پڑا۔
مارک نے میڈیا کو بتایا کہ اس پوری مہم کے دوران ہوائی سفر میں ان کے صرف تین دن صرف ہوئے جب کہ باقی ماندہ 76 دن تک انہوں نے مسلسل سائیکل چلائی۔
دنیا کے گرد چکر لگانا اور 80 دن کا افسانوی ریکارڈ توڑنا ایک ایسا خواب تھا جو مارک بیوروماؤنٹ اپنے بچپن میں اس وقت سے دیکھ رہے تھے جب سے انہوں نے اس ناول کے بارے میں پڑھا اور سنا تھا۔
انہوں نے اپنے سفر کا آغاز 2 جولائی پیرس سے کیا۔ وہ یورپ سے ہوتے ہوئے روس میں داخل ہوئے اور پھر بیجنگ پہنچے۔ بیجنگ سے وہ طیارے پر سوار ہوئے، جہاں سے ان کی منزل مغربی آسٹریلیا کا شہر پرتھ تھی۔ وہاں سے ان کے سائیکل کا سفر دوبارہ شروع ہو ا اور وہ نیوزی لینڈ پہنچے۔ جہاں خشکی کے آخری سرے پر پہنچنے کے بعد انہوں نے الاسکا تک پرواز کی اور امریکہ اور کینیڈا کو اپنے سائیکل پر پیڈل کے زور سے عبور کیا اور پھر کینیڈا کے شہر ہیل فیکس سے بذریعہ طیارہ لسبن پہنچ گئے۔
مارک کہتے ہیں کہ سائیکل پر دنیا کے گرد تیز تر چکر لگانا ان کا خواب تھا۔
مارک بیوروماؤنٹ کی یہ پہلی مہم نہیں ہے۔ انہوں نے اپنا پہلا عالمی ریکارڈ 2008 میں قائم کیا تھا۔ جس میں انہوں نے سائیکل پر دنیا بھر کا سفر 195 دن میں پورا کیا۔ لیکن دو سال پہلے نیوزی لینڈ کے انیڈریو نکولسن نے یہ سفر 123 دن میں مکمل کر کے ان کا ریکارڈ توڑ دیا۔
سن 2012 میں مارک نے ایک ٹیم کے ساتھ کشتی پر بحراوقیانوس کو عبور کرنے کی مہم شروع کی۔ لیکن 27 ویں دن کشتی الٹنے پر یہ مہم ترک کرنا پڑی۔
گینیز بک آف ریکارڈ کی ایک ٹیم مارک بیوروماؤنٹ کے ر یکارڈ کی جانچ پرکھ کر رہی ہے جس کے بعد ان کا نام عالمی ریکارڈ کی کتاب میں درج ہو سکتا ہے۔
مارک کہتے ہیں کہ 79 دنوں میں سائیکل پر دنیا کے گرد چکر لگانے کا ان کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ اس بارے میں ان کی توجیح بڑی دلچسپ ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میرا قد 6 فٹ 3 انچ اور وزن 90 کلو ہے۔ کوئی بھی ایسا سائیکلسٹ جس کا وزن 75 کلو ہو، وہ مجھ سے زیادہ بہتر کارکردگی اور تیزی دکھا سکتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ایک روز کوئی نہ کوئی یہ ریکارڈ توڑ دے گا۔
مارک کہتے ہیں ریکارڈ ٹوٹ جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ماؤنٹ ایورسٹ کو درجنوں کوہ پیماؤں نے سر کیا ہے۔ لیکن لوگوں کو صرف ایڈمنڈ ہلری کا نام یاد ہے جو پہلی بار دنیا کی وہ سب سے اونچی چوٹی پر پہنچے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایڈمیڈ کی طرح ان کا نام بھی ہمیشہ زندہ رہے گا۔