رسائی کے لنکس

کرونا وائرس؛ صدر بائیڈن نے نیشنل ایمرجنسی ختم کر دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے تین برس قبل امریکہ میں نافذ کی جانے والی نیشنل ایمرجنسی ختم کر دی ہے۔

صدر بائیڈن نے کانگریس کی جانب سے نیشنل ایمرجنسی ختم کرنے کے لیے منظور کی جانے والی قرارداد پر پیر کو دستخط کیے۔ یہ ایمرجنسی ایسے وقت میں ختم کی گئی ہے جب 11 مئی کو اس کی میعاد ختم ہو رہی تھی۔

کرونا وائرس سے متعلق نیشنل ایمرجنسی کے ذریعے حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر ہنگامی اقدامات کیے تھے جب کہ اس مد میں اربوں ڈالرز کی رقم خرچ کی گئی تھی۔

اس ایمرجنسی کے تحت وبا کے باعث متاثر ہونے والے کاروباروں کو سہارا دینے کے لیے بھی مختلف معاشی پیکجز کا اعلان کیا گیا تھا۔

ایمرجنسی کے تحت امریکہ، میکسیکو سرحد پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔وبا کا زور ختم ہونے کے بعد ایمرجنسی کے تحت مختلف منصوبوں کو پہلے ہی ختم کیا جا چکا ہے جب کہ کچھ مرحلہ وار ختم کیے جا رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے پیر کو ایک سطری بیان میں تصدیق کی گئی کہ صدر بائیڈن نے اس قرارداد پر دستخط کر دیے ہیں۔

عوامی سطح پر اس قرارداد کی مخالفت کے باوجود صدر بائیڈن نے اسے ویٹو نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

بائیڈن انتظامیہ کے مطابق جب اُنہیں یہ اندازہ ہو گیا کہ کانگریس ایمرجنسی ختم کرنا چاہتی ہے تو مختلف حکومتی اداروں کو بھی معمول کی جانب لوٹنے کی تیاریاں شروع کرنے کا کہا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ تین برس کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کی وجہ سے 10 لاکھ سے زائد اموات ہوئی تھیں۔

تین برس قبل ٹرمپ انتظامیہ نے جنوری 2020 میں وبا کے پھیلاؤ کے باعث ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔

بعدازاں وبا کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہونے کے سبب اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مارچ 2020 میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

'اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG