امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز ماسکو میں روس کے صدر دمیتری میدویدف سے ملاقات کی اور روسی صدر کے "طرزِ قیادت" کو سراہا۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال کے دوران صدر میدویدیف کی قیادت میں امریکہ اور روس کے باہمی تعلقات میں آنے والی بہتری نے روسی صدر کے ناقدین کی آراء کو غلط ثابت کردیا ہے۔
ملاقات کے دوران روسی صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک آئندہ برس تک "ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن" کا رکن بننے کیلیے امریکی مدد اور حمایت کا خواہاں ہے۔ اس سے قبل اپنے دورے کے دوران امریکی نائب صدر نے واضح کیا تھا کہ امریکہ ڈبلیوٹی او کی رکنیت کیلیے روس کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
امریکی نائب صدر اور روسی وزیراعظم ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات جمعرات کے روز ہوگی۔ امریکی حکام کا کہناہے کہ جوبائیڈن اپنے دورے کے دوران روسی قیادت سے مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک میں جاری عوامی احتجاجی تحریک پر بھی تبادلہ خیال کرینگے۔
بدھ کے روز امریکی نائب صدر نے روس کے شہر اسکولکوو میں روسی تاجروں سے ملاقات کی۔ جو بائیڈن کے دو روزہ دورہ روس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے دارالحکومت ماسکو میں امریکی طیارہ ساز کمپنی "بوئنگ" اور روسی فضائی کمپنی "ایرو لوفٹ" کے درمیان ہونے والے معاہدہ کی دستخطی تقریب میں بھی شرکت کی۔ معاہدہ کے تحت "بوئنگ" روسی کمپنی کو کم از کم چھ بی-777 طیارے فراہم کرے گی۔
روس امریکی نائب صدر کے تین ملکی دورے کا دوسرا اسٹاپ ہے۔ ماسکو آنے سے قبل بائیڈن نے فن لینڈ کا دورہ کیا تھا جبکہ جمعہ کے روز وہ واشنگٹن روانگی سے قبل مالدووا کا مختصر دورہ کرینگے۔