صدر بائیڈن نے پیر کو این بی سی نیوز کے شو ٹوڈے میں کہا ہےکہ وہ دوسری مدت کےلیے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ لیکن ابھی تک اس کے اعلان کے لیے تیار نہیں ہیں۔
80 سالہ بائیڈن اپنے دوبارہ انتخاب لڑنےکے منصوبوں کے بارے میں مسلسل بیان دے چکے ہیں ۔ این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریورنڈ الشارپٹن نے واشنگٹن میں اپنے نیشنل ایکشن نیٹ ورک کے عملے کو بتایا کہ صدر نے گزشتہ سال وائٹ ہاؤس میں ایک نجی گفتگو میں انہیں بتایا تھا کہ وہ دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑیں گے ۔
نیشنل ایکشن نیٹ ورک کے ایک عہدے دار نے این بی سی کے شو کے میزبان کے بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ ، بائیڈن نے گزشتہ سال شارپٹن کے ساتھ روزویلٹ روم میں ایک فوٹو کھنچواتے ہوئے کہا تھا کہ’’ میں یہ (انتخاب میں حصہ)دوبارہ کرنے والاہوں‘‘۔
وائٹ ہاوس میں ’ ایسٹر ایگ رول‘ کے دوران میزبان الروکر نے صدر بائیڈن سے سوال کیا کہ کیا وہ سال 2024 کے بعد ایسٹر ایگ رول تقریب کا حصہ بننے کی تیاری کر رہے ہں؟ ۔ جس پر صدر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ کم از کم تین یا چار بار مزید ایسی تقریب کا حصہ بننے چاہتے ہیں۔
’’ہو سکتا ہے کہ پانچ بار۔۔ ہو سکتا ہے کہ چھ بار‘‘
اس پر الروکر سوال کرتے ہیں کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ سال 2024 کے انتخابات میں حصہ لینے جا رہے ہیں؟
صدر بائیڈن سوال کا براہ راست جواب دینے کی بجائے کہتے ہیں کہ میں تو ایک ’ ایگ رولر‘ کی بات کر رہا تھا جو ایگ کو دھکیلتا ہے۔
میزبان کہتے ہیں، جناب مجھے بڑی خبر دینے میں میری مدد کیجیے۔۔۔
اس پر صدر کہتے ہیں کہ میں اس بارے میں پلان بنا رہا ہوں لیکن ابھی اس کا اعلان نہیں کر سکتا۔
بائیڈن کے تبصرے ایسے میں سامنے آئے ہیں جب وائٹ ہاوس کے اعلی ترین مشیر ان کے دوبارہ انتخاب کی مہم لانچ کرنے کے لیے حتمی فیصلے کرنے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ یہ بات این بی سی کو اس بارے میں ہونے والی گفت و شنید سے واقف متعدد ذرائع نے بتائی جن کے مطابق فیصلہ سازی کے عمل میں متعدد زیر غور موضوعات میں یہ نکات شامل ہیں کہ کوئی بڑا ڈیمو کریٹک مد مقابل سامنے نہیں آیا ہے ، اور یہ کہ سابق صد ر ڈونلڈ ٹرمپ پر ، جو ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں فرد جرم عائد ہو چکی ہے اور وہ سیاسی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں ، اور یہ کہ کانگریس کے ری پبلکن ارکان کےدرمیان اخراجات پر ایک بڑا اختلاف سامنے آرہا ہے ۔
عوامی مقبولیت میں کم تر درجہ بندی کے باوجود ، با رسوخ ڈیمو کریٹک ارکان صدر کی جانب سے انتخاب دوبارہ لڑنے کے ارادے کے سرکاری اعلان سے پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ سب ان کے دوبارہ انتخاب لڑنے کے فیصلے کے حق میں ہیں ۔
بائیڈن کے تبصرے ایسے میں سامنے آئے ہیں جب انہوں نے اپنی دوبارہ انتخابی مہم کے متوقع آغاز سے قبل جرائم، امیگریشن پالیسی اور ماحولیات سمیت کچھ اہم امور پر ترقی پسندوں کے ساتھ گفتگو کی ۔
تاہم ترقی پسندوں اور اعتدال پسندوں سے لے کر قیادت اور عام ارکان تک ، پارٹی بھر کے ڈیموکریٹس نے کہا ہے کہ وہ 2024 میں بائیڈن کے ساتھ قائم رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بائیڈن امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں ۔ اگر وہ دوبارہ انتخاب جیت گئے تو وہ اپنی دوسری مدت صدارت کے اختتام پر 86 سال کے ہوں گے ۔
2024 کی صدارتی دوڑ فروری میں بائیڈن کے اسٹیٹ آف دی یونین کے خطاب میں زیادہ نمایاں ہوئی ، باوجود اس کے کہ انہوں نے ابھی تک اپنی دوبارہ انتخابی مہم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اپنی اقتصادی کامیابیوں کا ذکر کیا اور دوبارہ انتخاب کے اپنے متوقع کیس کو اجاگر کرتے ہوئے ریپبلکنز پرتنقید کی ۔
( اس خبر کے لیے مواد سی این بی سی سے لیا گیا ہے)