رسائی کے لنکس

بلاول بھٹو کی وطن واپسی، سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے


بلاول کراچی میں مختصر مدت گزار کر پنجاب روانہ ہوجائیں گے اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تقریباً سات ماہ بیرون ملک گزارنے کے بعد پاکستان واپس آ گئے۔

ان کی آمد ایسے موقع پر ہوئی ہے جب سندھ میں 20 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں جبکہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد قریب ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ان کی آمد سیاسی اعتبار سے خاصی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو یقیناً ان انتخابات کے ساتھ ساتھ پارٹی پالیٹکس میں عملی طور پر حصہ لیں گے۔

بلاول کے حوالے سے پارٹی ذرائع نے وائس آف امریکہ کو یہ اطلاعات بھی فراہم کی ہیں کہ بلاول کراچی میں مختصر مدت گزار کر پنجاب روانہ ہوجائیں گے اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ان کے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اعلان کردہ سیاسی جلسے جلوسوں میں شرکت کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سنیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ ’پی پی پی‘ کی جانب سے مختلف انتخابی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف امور کی نگرانی کریں گی۔ یہی کمیٹیاں امیدواروں کے انتخاب کو ممکن بنائیں گی۔

گزشتہ ہفتے کو خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی جس پر پارٹی قیادت کی طرف سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پنجاب میں پیپلز پارٹی کے دیرینہ مگر ناراض کارکنوں اور عہدیداروں کو لے کر بہت سی باتیں کی جاتی رہی ہیں، پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول سب سے زیادہ ناراض کارکنوں کو منانے اور انہیں پھر سے اکھٹا کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے جبکہ ماضی میں بھی وہ کئی مواقع پر ناراض کارکنوں کو منانے اور یکجا کرنے پر زور دیتے رہے ہیں۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بلاول پنجاب کے علاوہ گلگت بلتستان، بلوچستان اور آزاد کشمیر کا بھی دورہ کریں گے۔ وہ ناصرف تنظیمی معاملات دیکھیں گے بلکہ مختلف سیاسی جلسوں اور جلوسوں کی قیادت کے ساتھ ساتھ مرکزی، ضلعی اور صوبائی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG