رسائی کے لنکس

بٹ کوائن کی اے ٹی ایم مشین جلد آپ کے نزدیکی گیس اسٹیشن پر!


بٹ کوائن کے اے ٹی ایم امریکہ میں جگہ جگہ نصب کیے جا رہے ہیں۔
بٹ کوائن کے اے ٹی ایم امریکہ میں جگہ جگہ نصب کیے جا رہے ہیں۔

جلد ہی امریکہ کے کونے کونے میں کیفیز، گیس اسٹیشن یا جنرل اسٹورز کے اندر ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کے اے ٹی ایم دستیاب ہوں گے جن کی مدد سے صارفین ڈیجیٹل کرنسی میں لین دین اور حسبِ ضرورت نقد پیسہ نکال سکیں گے۔

ایسی مشینیں امریکہ بھر میں جگہ جگہ لگائی جا رہی ہیں جس کی وجہ کرپٹو کرنسی میں لین دین اور بٹ کوائن کی قیمت میں ہوشربا اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

اس وقت بٹ کوائن کی قیمت عالمی منڈی میں 58 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

اس سال جنوری تک امریکہ بھر میں بٹ کوائن کے 28 ہزار 185 اے ٹی ایم بن چکے ہیں۔ صرف گزشتہ پانچ ماہ میں 10 ہزار کے قریب نئے اے ٹی ایمز نصب کیے گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے بٹ کوائن کی طلب میں اضافہ ہے۔۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بٹ کوائن کے اے ٹی ایم استعمال کرنے کے پیچھے مختلف لوگوں کی مختلف وجوہات ہیں۔ کچھ لوگ نقدی نکلوانا چاہتے ہیں، کئی لوگوں کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، کچھ لوگ ملک سے باہر رقم بھجوانا چاہتے ہیں اور اپنی شناخت پوشیدہ رکھنا چاہتے ہیں تو کچھ لوگوں کو آن لائین کی بجائے خود سے مشین استعمال کرنے کی عادت ہے۔

کچھ مشینوں میں صرف بٹ کوائن خریدے جا سکتے ہیں جب کہ دوسری قسم کی مشینوں کے ذریعے دوسری ڈیجیٹل کرنسی میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ ان اے ٹی ایمز سے نقدی نکلوائی جا سکتی ہے مگر اس پر چارجز زیادہ ہوتے ہیں۔

کرپٹو کرنسی پر کام کرنے والی فرم سائفر ٹریس میں مالی تحقیقات اور تعلیم کے محکمے کی ڈائریکٹر پامیلا کلیگ کے مطابق ان مشینوں کی فیس 6 فیصد سے 20 فیصد تک ہے۔ ان کے مطابق فیس کتنی ہو گی اس کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ اے ٹی ایم کہاں ہے اور یہ کس بٹ کوائن آپریٹر کا اے ٹی ایم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اے ٹی ایم مارکیٹ کی نمو معمولی بات نہیں ہے۔ اس میں اضافے کی شرح 45 فیصد ہے۔ یہ اضافہ بہت ہوشربا ہے۔‘‘

ان میں سے کچھ مشینوں کے بارے میں حکومتی ایجنسیوں نے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ یہ خدشات ان کی زیادہ فیسوں اور ان کے ذریعے غیر قانونی لین دین کے خدشات ہیں۔ نیو جرسی سٹیٹ کمیشن آف انویسٹی گیشن نے فروری میں اس بارے میں ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں ان خدشات کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

لیکن ان خدشات کے باوجود انڈسٹری کی نمو میں فرق نہیں آیا۔

بٹ کوائن اے ٹی ایم تلاش کرنے میں مددگار ویب سائٹ Coin ATM Radar کے مطابق اس وقت امریکی ریاست الاسکا کے علاوہ امریکہ کے کونے کونے میں بٹ کوائن کے اے ٹی ایم موجود ہیں۔

لاس ویگاس میں قائم کوائن کلاؤڈ کمپنی کے امریکہ میں اس وقت 1470 اے ٹی ایم موجود ہیں۔ کمپنی کے سی ای او کرس میک الاری امید رکھتے ہیں کہ اس سال کے اختتام تک ان کی کمپنی کے 10 ہزار سے زائد اے ٹی ایم ملک بھر میں موجود ہوں گے۔ عالمی وبا کے دوران خدشات تھے کہ کاروبار کو نقصان ہو سکتا ہے مگر لاک ڈاؤن کے دوران ان اے ٹی ایمز کے استعمال میں اضافہ ہوا۔

میک الاری کے مطابق ’’ہمیں خدشہ تھا کہ کرونا کے دوران ہمیں بہت نقصان ہو گا مگر حکومت کی جانب سے امدادی چیک آنے سے ہمیں بہت مدد ملی۔‘‘

XS
SM
MD
LG