رسائی کے لنکس

برطانیہ میں بلیک فرائیڈے پر خریداروں کا جنون زوروں پر


اس موقع پر مانچسٹر پولیس کی جانب سے ٹوئیٹر پر لوگوں سے پرسکون رہنے کی اپیل بھی کی گئی۔

برطانیہ میں امریکی مارکیٹنگ اسکیم بلیک فرائیڈے کا استقبال بڑے زور شور سے کیا گیا ہے۔ امریکہ میں یوم تشکر کے اگلے دن کو بلیک فرائیڈے کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اسے امریکہ میں کرسمس کی روایتی خریداری کے آغاز کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن برطانیہ میں بلیک فرائیڈے کا رجحان ابھی نیا نیا ہے۔

بلیک فرائیڈے جمعہ کو برطانوی ذرائع ابلاغ کی خبروں کا موضوع بنا رہا۔ دوسری جانب عوام کی طرف سے بھی اس رعایتی سیل کے ساتھ بھر پور انصاف کیا گیا ہے جنھوں نے سال بھر کی خریداری کرنےکی نیت سے آدھی رات سے ہی سپر اسٹوروں خاص طور پر الیکٹرانک شاپس کے باہر ڈیرے ڈال رکھے تھے۔

میڈیا کی خبروں کے مطابق بلیک فرائیڈے پر برطانیہ بھر کے بڑے بڑے اسٹوروں پر خریداروں کا تانتا بندھا رہا اس موقع پرخریداری کے مراکز کے اندر اور باہر یکساں تعداد میں لوگ موجود تھے جو باری آنے پر اسٹور کےاندر جانے کے لیے قطاروں میں کھڑے رہے اس موقع پر جگہ جگہ دھکم پیل کا ماحول بھی دیکھا گیا۔

​تفصیلات کے مطابق بلیک فرائیڈے پر لندن، مانچسٹر، بریڈ فورڈ، شیفیلڈ اور دیگر شہروں کے شاپنگ مالز اور خریداری کے بڑے بڑے مراکز میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ دھکم پیل اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کئی سپر اسٹوروں پر پولیس کی نفری طلب کر لی گئی۔

بلیک فرائیڈے پر ایک دلچسپ نظارہ بھی کیمرے کی آنکھوں نے فلم بند کر لیا جب، جنوبی لندن کے ایک بڑے خوردہ اسٹور ٹیسکو میں ایک بچی نے بلیو پنک کمپنی کے 40 انچ کے ایل ای ڈی ٹی وی کو حاصل کرنے کے لیے بڑوں بڑوں سے لڑائی مول لی۔ بچی نے ٹی وی کو بچانے کے لیے حقیقتاً ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا اورزمین پر لیٹ کر اسے ہاتھوں سے جانے نہیں دیا اور بالآخر ،اس مشن میں کامیاب ہو کر خوشی خوشی گھر کو لوٹی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹی وی کی اصل قیمت299 پونڈز تھی اور بلیک فرائیڈے پر رعایتی قیمت 149 پونڈ پر فروخت کیا جا رہا تھا۔

میڈیا کے مطابق بلیک فرائیڈے کے موقع پر مانچسٹر میں ٹیسکو کے ایک اسٹور میں ٹی وی گرنے سے ایک عورت زخمی ہوئی جبکہ تین مشتعل خریداروں کو ہنگامہ آرائی کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

مانچسٹر پولیس نے سپر اسٹوروں میں بد انتظامی اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کے لیے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اس موقع پر مانچسٹر پولیس کی جانب سے ٹوئیٹر پر لوگوں سے پرسکون رہنے کی اپیل بھی کی گئی۔

مانچسٹر پولیس کے چیف کانسٹبل سر پیٹر فاحے نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ رات سے شروع ہونے والی سیل بلیک فرائیڈے کے موقع پر دکان داروں کی عین توقع کے مطابق لوگوں کا بہت بڑا ہجوم خریداری کرنے پہینچا لیکن افسوس کی بات یہ ہے ان اسٹوروں پر سکیورٹی عملےکی تعداد بہت کم رکھی گئی تھی۔

برطانیہ میں ویزا کارڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ اس روز 518 ملین پونڈ کی آن لائن شاپنگ متوقع ہے جو اس سال ملک کی سب سے بڑی آن لائن شاپنگ ثابت ہوسکتی ہے۔

برطانیہ کے سپر اسٹورز ازدا، ٹیسکو، آرگوز، کری الیکڑانک اسٹور کی ویب سائٹس آدھی رات سے شروع ہونے والی سیل کے بعد خریداروں کے بے پناہ رش کی وجہ سے تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر گھنٹوں بند پڑی رہیں۔

برطانیہ میں بلیک فرائیڈے سیل کی شروعات ای کامرس کے "دیوتا" ایمیزون نے 2010ء میں کی جسے 2013ء میں امریکی سپر اسٹور وال مارٹ کے چین اسٹور ازدا نے برطانیہ کی ایک بڑی سیل کے طور پر متعارف کرایا۔

بلیک فرائیڈے کو بیلک فرائیڈے کا نام کیوں دیا گیا اس حوالے سے مورخین کہتے ہیں کہ امریکی ریاست فیلاڈ یلفیا میں 1961ء سے پہلے تک اس اصطلاح کو یوم تشکر کے تہوار (نومبر کی چوتھی جمعرات) یعنی چھٹی کے اگلے دن کے شدید روڈ ٹریفک جام اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات کے حوالے سے استعمال کیا جاتا تھا جس کے بعد یہ بلیک فرائیڈے کے نام سے دوسری ریاستوں میں بھی جانا جانے لگا۔

لیکن لگ بھگ 1975ء میں اس اصطلاح کو ایک متبادل مفہوم دیا گیا جس کے مطابق، خوردہ فروش جو جنوری سے نومبر تک روایتی مالی نقصان کو (سرخ سیاہی) سے ظاہر کرتے تھے ایسے خوردہ فروشوں کے لیے ' بلیک فرائیڈے ' ایک اشارہ ہوتا تھا جہاں سے وہ منافع کمانے کا آغاز کرتے یعنی اسی دن سے ان کےکھاتے میں منافع (سیاہ سیاہی) میں ظاہر ہوتا تھا۔

بلیک فرائیڈے دولت مشترکہ کے ملکوں میں خریدرای کے سب سے بڑے دن 'باکسنگ ڈے' کی طرح کی رعایتی سیل کا دن ہے۔ اس دن دنیا کے بہت سے ملکوں کینیڈا، آسٹریلیا، پاناما، بھارت، آسٹریا اور جرمنی وغیرہ میں بلیک فرائیڈے کی سیل لگائی جاتی ہے۔

اس روز چیزیں 50 سے 70 فیصد تک کم قیمت پر بیچی جاتی ہیں خاص طور پر الیکٹرونک مصنوعات مثلاً ٹی وی، کمپیوٹر، موبائل فون، لیپ ٹاپ کی خریداری کا دن کہا جا سکتا ہے اس کےعلاوہ قیمتی گھڑیوں، زیورات اور بڑے برانڈ کے جوتوں، کپڑوں اور پرفیوم کی خریداری کے لیے یہ دن بہت موزوں ہوتا ہے لیکن سب سے زیادہ سستے داموں میں اس دن بچوں کے کھلونے فروخت ہوتے ہیں۔ کرسمس ٹری اور سجاوٹ کی اشیاء سے لے کر غرض بلیک فرائیڈے سستی خریداری کا ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG