رسائی کے لنکس

کیا باکس آفس پر 'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' کا راج ختم ہونے والا ہے؟


باکس آفس پر ان دنوں مارول اسٹوڈیوز کی فلم 'بلیک پینتھر: وکانڈا فور ایور' کا راج ہے۔ فلم مسلسل پانچ ہفتوں سے باکس آفس پر نمبر ون پوزیشن پر ہے۔

گیارہ نومبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم نے گزشتہ ویک اینڈ پر ایک کروڑ 11 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا تھا جو دوسری پوزیشن پر موجود 'وائلنٹ نائٹ' سے دو کروڑ چار لاکھ ڈالرز زیادہ ہے۔

'بلیک پینتھر: وکانڈا فور ایور' نے اب تک مجموعی طور پر صرف امریکہ میں 40 کروڑ 99 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا ہے جب کہ دنیا بھر میں فلم نے 76 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کی کمائی کی ہے۔

ہالی وڈ میں کم فلموں کی ریلیز سے نہ صرف 'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' کو فائدہ ہوا بلکہ مسلسل پانچویں ویک اینڈ پر بھی اس فلم کی کارکردگی دیگر فلموں کے لحاظ سے بہتر رہی، لیکن امکان ہے کہ اب یہ راج اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اب سولہ دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی فلم 'ایواٹار: دی وے آف واٹر' سے دیگر ہالی وڈ فلموں کو خطرہ ہے۔

ڈیٹا فرم 'کوم اسکور' کے مطابق سب سے زیادہ مصروف رہنے والے ویک اینڈ پر صرف تین کروڑ سات لاکھ ڈالرز کی ٹکٹ سیلز اس بات کی طرف نشاندہی کرتی ہے کہ رواں سال سنیما کے حالات بہتر تو ضرور ہوئے لیکن اس مقام پر نہیں پہنچ سکے جہاں انہیں ہونا چاہیے تھا۔

'ایواٹار: دی وے آف واٹر' صرف ہدایت کار جیمز کیمرون کی نئی آنے والی فلم ہی نہیں بلکہ ایک ایسی فلم کا سیکوئل ہے جو باکس آفس 'موجو' کے مطابق دنیا کی سب سے کامیاب فلم ہے۔

سن 2009 میں ریلیز ہونےوالی فلم نے نہ صرف سنیما بینوں کو اپنی کہانی، اسپیشل ایفیکٹس اور پروڈکشن کوالٹی سے حیران کیا تھا بلکہ اس کے بعد مستقبل کی فلموں کو بھی اپنا بجٹ بڑھا کر فلم کو بہتر انداز میں پیش کرنے پر مجبور بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ ہالی وڈ میں 'ایواٹار' سے زیادہ آج تک کسی فلم نے بزنس نہیں کیا۔اس فلم نے مجموعی طور پر دو ارب 92 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

اگر 'ایواٹار: دی وے آف واٹر' نے گزشتہ فلم کے مقابلے میں باکس آفس پر آدھا بزنس بھی کیا تب بھی وہ سب سے کامیاب فلموں کی ٹاپ ٹین فہرست میں شامل ہوجائے گی۔

اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہدایت کار جیمز کیمرون کی فلم 'ایواٹار' ہے جب کہ تیسری پوزیشن پربھی ان ہی کی فلم 'ٹائی ٹینک' ہے جس نے 1997 میں دو ارب 20 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

جیمز کیمرون 90 کی دہائی میں 'ٹرمینیٹر ٹو: ججمنٹ ڈے' اور 'ٹرو لائز' جیسی فلمیں بناچکے ہیں جنہیں شائقین آج بھی یاد رکھتے ہیں۔

'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' پانچ ہفتوں تک نمبر ون کیوں؟

بلیک پینتھر کی پہلی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے چیڈویک بوسمین کی سن 2020 میں وفات کے بعد یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ یا تو بلیک پینتھر کا کردار کوئی دوسرا اداکار کرے گا یا پھر آنجہانی اداکار کو ہی ڈیجیٹل طریقے سے واپس لانے کی کوشش کی جائے گی۔

بلیک پینتھر: وکانڈا فور ایور' نے نہ صرف تمام قیاس آرائیوں کو ختم کیا بلکہ کہانی کو ایک نئی سمت میں بھی بھیج دیا، جس کے مطابق بلیک پینتھر کی اگلی فلم میں یہ کردار ایک نوجوا ن ادا کرے گا اور اس کا تعلق چیڈویک بوسمین کے کردار سے ہوگا۔

تاہم مبصرین کی رائے میں 'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' مارول سنیمیٹک یونی ورس کی کمزو ر فلموں میں سے ایک ہے۔مشہور فلمی نقاد راجر ایبرٹ کی ویب سائٹ کے لیے لکھتے ہوئے رابرٹ ڈینئیلز کا کہنا تھا کہ 'بلیک پینتھر' کے سیکوئل میں چیڈویک بوسمین کو دیا گیا خراجِ تحسین ایک اچھا فعل تھا لیکن اس میں بناوٹی عنصر شامل تھا۔

ان کے خیال میں اس فلم کو 'مارول مووی' کہنا درست نہیں کیوں کہ اس کا آغاز بھی سست ہے اور اس میں کام کرتے ہوئے ہدایت کار رائن کووگلر کو وہ آزادی حاصل نہیں تھی جس کی وجہ سے اس فلم کا پہلا پارٹ کامیاب ہوا تھا۔

'نیو یارک ٹائمز'کے لیے لکھتے ہوئے اے او اسکاٹ کا کہنا تھا کہ اس فلم میں مرکزی کردار سے لے کر تمام اہم کردار خواتین نے ادا کیے جو ایک خوش آئند بات ہے۔

ان کے خیال میں اس فلم میں دیگر مارول فلموں کی طرح بہت کم وقت میں بہت کچھ ہورہا ہے۔ سمندری سلطنت کے بادشاہ نیمور کی انٹری سے اس فلم کو ایک نیا زاویہ مل گیا جس کی امید چیڈویک بوسمین کی موت سے تقریبا ختم ہوگئی تھی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG