ہندوؤں کےلیے مقدس تصور کیے جانے والے ایک بھارتی شہر میں ہونے والے بم دھماکے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
بم دھماکہ منگل کو رات گئے واراناسی نامی بھارتی شہر میں پیش آیا جہاں ایک مذہبی رسم کی ادائیگی کے سلسلے میں سینکڑوں ہندو اشنان کرنے کی غرض سے دریائے گنگا کے کنارے موجود تھے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد جائے حادثہ پر بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے اور بھگدڑ سے ایک بچہ ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد میں سے کتنے بم دھماکے میں زخمی ہوئے۔
ایک مقامی تنظیم "انڈین مجاہدین" کی جانب سے میڈیا کے اداروں کو ایک ای میل بھیجی گئی ہے جس میں تنظیم نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ تنظیم کے دعویٰ کی تصدیق کیلیے تحقیقات کررہے ہیں۔