بین الاقوامی فٹ بال کے منتظم ادارے سیپ بلاٹر نے مسلسل پانچویں بار تنظیم کی صدارت کا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں 78 سالہ بلاٹر نے تصدیق کی ہے کہ وہ پانچویں بار 'فیفا' کا صدر بننے کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لیے آئندہ انتخاب میں امیدوار ہوں گے۔
سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے سیپ بلاٹر 1998ء میں پہلی بار 'فیفا' کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
اپنے پیغام میں بلاٹر نے کہا ہے کہ ان کا مشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ان کے بقول ساؤ پولو میں ہونے والی گزشتہ 'فیفا کانگریس' کے اکثر مندوبین نے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا تھا اور قومی فٹ بال ایسوسی ایشنوں کی اکثریت نے ان سے ایک بار پھر تنظیم کا صدر بننے کی درخواست کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں سیپ بلاٹر نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ ہونے والے 'فیفا' کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اپنےا میدوار ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
خیال رہےکہ سیپ بلاٹر کے علاوہ یورپ میں فٹ بال کے منتظم ادارے 'یو ای ایف اے' کے صدر مائیکل پلاٹینی کو بھی 'فیفا' کی صدارت کا مضبوط امیدوار قرار دیا جاتا رہا ہے۔
لیکن پلاٹینی نے گزشتہ ماہ 'فیفا' کی صدارت کا انتخاب لڑنے سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دوسری مدت کے لیے 'یو ای ایف اے' کے صدر بننے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
پلاٹینی کے انکار کے بعد اب 'فیفا' کے موجودہ ڈپٹی سیکریٹری جنرل جیروم شیمپین سیپ بلاٹر کے علاوہ وہ واحد شخص ہیں جو تنظیم کی آئندہ صدارت کا انتخاب لڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
'فیفا' کی صدارت کے لیے خود کو امیدوار کے طور پر رجسٹرڈ کرانے کا وقت جنوری 2015ء تک ہے جس کے باعث امکان ہے کہ انتخاب قریب آنے پر مزید امیدوار بھی میدان میں آسکتے ہیں۔
نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آئندہ سال جون میں زیورخ میں ہونےو الی 'فیفا کانگریس' میں ہوگی۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں برازیل میں ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل 'فیفا' کی چھ میں سے پانچ کنفیڈریشنز نے سیپ بلاٹر کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا جس کے باعث امکان ہے کہ وہ آئندہ انتخاب بآسانی جیت جائیں گے۔