رسائی کے لنکس

روس اناج کی برآمد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے: امریکہ


یوکرین سے گندم بحری جہازوں کے ذریعے ترکی لے جائی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو
یوکرین سے گندم بحری جہازوں کے ذریعے ترکی لے جائی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو

روس نے اقوامِ متحدہ کی ثالثی میں یوکرین سے اناج کی برآمد کے معاہدے پر عمل درآمد معطل کر دیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت یوکرین سے 90 لاکھ ٹن سے زیادہ اناج برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس سے خوراک کے عالمی بحران اور قیمتوں کو کم کرنے میں مدد ملی۔

روس کی وزارتِ دفاع نے معاہدے سے باہر نکلنے کے لیے کریمیا کے ساحل پر لنگرانداز ہونے والے روس کے بحری جہازوں پر یوکرین کے مبینہ ڈرون حملے کا الزام عائد کیا۔ ماسکو کے مطابق یہ حملہ ہفتے کی صبح ہوا البتہ یوکرین نے حملے کی تردید کی ہے۔

روس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی فوج کی کارروائیوں کےبعد روس بحیرہ اسود میں سویلین ڈرائی کارگو بحری جہازوں کے تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتا اور معاہدے پرعمل درآمد کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر رہا ہے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس انتظام کو معطل کرتے ہوئے، روس دوبارہ شروع کی گئی جنگ میں خوراک کو ہتھیارکے طور پر استعمال کر رہا ہے، جس سے کم اور متوسط آمدنی والے ممالک اور خوراک کی عالمی قیمتوں پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے جب کہ پہلے سے ہی سنگین انسانی بحران اور خوراک کے عدم تحفظ کو بڑھا رہا ہے۔

بلنکن نےمزید کہا کہ امریکہ روس کی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ اناج کی ترسیل کے اس پروگرام میں دوبارہ شریک ہو اوران طے شدہ انتظامات کی مکمل تعمیل کرے اوراس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے کہ دنیا بھر کے لوگ اس اقدام کے ذریعے فراہم کردہ فوائد حاصل کرنے کے قابل رہیں۔

'یوکرین جنگ میں روس ایرانی ساختہ ڈرونز استعمال کر رہا ہے'
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:32 0:00

روس کا یہ اعلان اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس کی جانب سے روس اور یوکرین پر اناج کے معاہدے کی تجدید کے لیے زور دینے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی اقدام کو توقع کے مطابق قرار دیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق زیلنسکی ماسکو پر ستمبر سے اناج لے جانے والے بحری جہازوں کاراستہ روکنے کا الزام لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال 176 جہاز سمندر میں کھڑے ہیں، جن میں 20 لاکھ ٹن سے زائد اناج موجود ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں روس کی جانب سے یوکرین کے اناج کی ترسیل کے معاہدے سے شمولیت معطل کرنے کے فیصلے کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اس سےدنیا میں فاقہ کشی میں اضافہ ہوگا۔

ہفتے کو اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اس معاملے پر روس کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

اقوام متحدہ میں روس کے نائب نمائندہ اوّل دیمتری پولیانسکی نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ روس نے بحیرہ اسود کے بحری بیڑے پر مبینہ حملے اور اناجکے لیے مخصوص راہداری کی حفاظت کی وجہ سے پیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی درخواست کی تھی۔

روس کی وزارتِ دفاع نے برطانیہ کی بحریہ پر الزام لگایا کہ اس نے گزشتہ ماہ نورڈ سٹریم گیس پائپ لائن کو اڑایا تھا۔ ماسکو نے اپنے دعوؤں کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا جس کے مطابق نیٹو کے ایک سرکردہ رکن نے روس کے اہم انفراسٹرکچر کو سبوتاژ کیا ہے، جس سے یورپ کو گیس فراہم کی جاتی ہے۔

برطانیہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور ہفتے کے روز جواب دیتے ہوئے کہاکہ یوکرین کے خلاف جارحیت پر ردِ عمل سے بچنے کے لیے روس کی وزارتِ دفاع جھوٹے دعوؤں کا سہارا لے رہی ہے۔

سوئیڈن اور ڈنمارک دونوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ نورڈ اسٹریم ون اور ٹو پر چار لیکس دھماکوں کی وجہ سے ہوئے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس کا ذمہ دار کون ہو سکتا ہے۔

عالمی رہنماؤں نے اسے تخریب کاری کی کارروائی قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG