رسائی کے لنکس

بی ایم ڈبلیو کی گاڑیوں میں تیکنیکی خرابی، امریکہ میں سات لاکھ سے زائد یونٹس واپس منگوا لیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • امریکہ کی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے بی ایم ڈبلیو کو ایکس ون، ایکس تھری اور ایکس فائیو ماڈل سمیت دیگر واپس منگوانے کا کہا ہے۔
  • گاڑیوں کے واٹر پمپ کے الیکٹرک کنیکٹر میں تیکنیکی خرابی سے آگ لگنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
  • نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق متاثر گاڑیوں کے واٹر پمپ کی سیلنگ درست انداز میں نہیں کی گئی۔

ویب ڈیسک _ گاڑیوں کے مشہور برانڈ 'بی ایم ڈبلیو' نے امریکہ میں اپنی سات لاکھ بیس ہزار ایسی گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں جن میں تیکنیکی خرابی کے سبب آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق بی ایم ڈبلیو کی گاڑیوں کے واٹر پمپ کے الیکٹرک کنیکٹر میں تیکنیکی خرابی سے ان میں آگ لگنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکہ کی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (این ایچ ٹی ایس اے) کا کہنا ہے کہ بی ایم ڈبلیو کو جن ماڈل کی گاڑیاں واپس منگوانے کا کہا گیا ہے ان میں ایکس ون، ایکس تھری اور ایکس فائیو ماڈل کی گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چند دیگر ماڈل بھی ہیں جن میں تیکنیکی خرابی کی نشان دہی کی گئی ہے۔

این ایچ ٹی ایس اے کے مطابق متاثرہ گاڑیوں کے واٹر پمپ کی سیلنگ درست انداز میں نہیں کی گئی ہے۔

ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ واٹر پمپ سے گزرنے والا مائع الیکٹرک پلگ کو اثر انداز کر سکتا ہے جس سے شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے اور بعض اوقات یہ ممکنہ طور پر ان گاڑیوں میں آگ لگنے کا سبب بن سکتا ہے۔

نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ میں لازمی قرار دیا گیا ہے کہ گاڑیوں کے واٹر پمپ اور پلگوں کے کنیکٹرز کا معائنہ کیا جائے اور اگر لازمی ہو تو اس کو تبدیل کر دیا جائے۔

کمپنی کی جانب سے گاڑیوں کے مالکان کو ممکنہ طور پر رواں برس اکتوبر سے گاڑیاں واپس لانے کے لیے مطلع کیا جائے گا۔

مالکان کو ان گاڑیوں میں بی ایم ڈبلیو کے تصدیق شدہ مرکز میں مفت میں تجویز کردہ تبدیلیاں کرنے کی سہولت دی جائے گی۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG