رسائی کے لنکس

چین: بو ژلائی کے خلاف عدالتی کارروائی مکمل


مشرقی شہر جینان میں قائم انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ
مشرقی شہر جینان میں قائم انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ

جینان میں قائم انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کی پالیسی ساز کمیٹی سے برطرف کیے گئے عہدیدار کے خلاف عدالتی فیصلے کے اعلان کی تاریخ کا تعین کرنا باقی ہے۔

چین میں کمیونسٹ پارٹی کی پالیسی ساز کمیٹی سے برطرف کیے گئے عہدیدار بوژ لائی کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ پانچ روزہ سماعت کے بعد مکمل ہو گیا ہے۔

مشرقی شہر جینان میں قائم انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے پیر کی دوپہر اعلان کیا کہ عدالتی فیصلے کے اعلان کی تاریخ کا تعین کرنا باقی ہے۔

بوژ پر ایک دولت مند کاروباری شخصیت سے رشوت لینے، خرد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

بوژ لائی نے اپنے حلفیہ بیان میں سابق معاون اور چونگ چِنگ پولیس کے سابق سربراہ وانگ لیجون کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ وانگ نے عدالت کو بتایا کہ بوژ نے کاروبار سے منسلک ایک برطانوی خاتون شخصیت کے 2011ء میں ہونے والے قتل میں اپنی اہلیہ کے کردار پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔

بوژ کا کہنا ہے کہ اُن کی اہلیہ ’’فاتر العقل‘‘ جب کہ اُن کا حلفیہ بیان ’’مضحکہ خیز‘‘ ہے۔

بوژ نے کوتاہیاں کرنے کا اعتراف کیا، لیکن مجرمانہ اقدامات میں ملوث ہونے کی تردید کی۔

بو ژلائی
بو ژلائی

کمیونسٹ پارٹی کی قیادت نے بوژ کو گزشتہ برس چونگ چِنگ میں جماعت کے سیکرٹری کے عہدے اور جماعت کی پالیسی ساز کمیٹی ’پولٹ بیورو‘ کی رکنیت سے برطرف کر دیا تھا۔ یہ اقدام وانگ کی جانب سے بوژ پر قتل میں ملوث ہونے کے الزام کے بعد کیا گیا۔

بوژ پر عائد کردہ فردِ جرم میں تعمیراتی منصونے کے لیے مختص سرکاری رقم میں سے آٹھ لاکھ ڈالر خرد برد کرنے کا بھی الزام شامل ہے۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ برطانوی خاتون نیل ہئیوڈ کا قتل بوژ لائی کی اہلیہ کے ساتھ مالی تنازع کی وجہ سے ہوا۔ بوژ کی اہلیہ کو گزشتہ سال قتل کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی بقیہ زندگی قید میں گزاریں گی۔

بوژ کا مقدمہ چین کے لیے غیر معمولی ہے اور مغربی ذرائع ابلاغ کو اس تک رسائی نہیں دی گئی، البتہ کمرہ عدالت میں ہونے والی کارروائی کی تفصیلات سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری کی گئیں۔

چین میں مبصرین کا کہنا ہے کہ ملک کی اعلٰی سیاسی قیادت پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے کہ بوژ مجرم ہیں اور اُنھیں طویل قید کی سزا دی جائے گی۔

گزشتہ جمعرات شروع ہونے والے مقدمے کے بارے میں خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ دو روز جاری رہے گا۔
XS
SM
MD
LG