گلیمر یا شو بزنس کی دنیا خوبصورتی پر ٹکی ہوئی ہے۔ یہاں ہر سال کچھ چہروں کی خوبصورتی کے گن گائے جاتے ہیں تو کچھ چہرے ’ماند‘ پڑ جاتے ہیں۔ لیکن کچھ چہرے پرانے ہونے کے باوجود دیر تک چمکتے دمکتے رہتے ہیں۔ سال 2017 میں کون کو ن سے چہرے اور کون کو ن سے لوگ سرفہرست رہے، آیئے دیکھتے ہیں :
ایشوریہ رائے بچن
ایشوریہ رائے گزرتے دنوں کے باوجود ابھی تک پرکشش ہیروئن شمار ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ کی 2017 کی خوبصورت ترین خواتین میں ایشوریہ رائے پہلے نمبر پر ہیں۔ سن 1994 میں مس ورلڈ کا تاج پہننے والی 43 سالہ ایشوریہ آج بھی اتنی ہی پرکشش ہیں جتنی مس ورلڈ بنتے وقت تھیں۔
دپیکا پڈکون
’پدماوتی‘ دپیکا پڈکون کی مسکراہٹ کو ’ملین ڈالر اسمائل‘ کہا جاتا ہے۔ دپیکا ہالی وڈ فلم ٹرپل ایکس ریٹرن آف زینڈر کیج میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ فلمی دنیا کی میگا اسٹار دپیکا پڈکون ڈپریشن سے لے کر خواتین کے حقوق تک سماجی اور معاشی مسائل پر نہ صرف اپنی رائے دیتی ہیں بلکہ سماجی خدمت کے کاموں میں حصہ بھی لیتی ہیں۔ دپیکا پڈکون خوبصورت خواتین کی لسٹ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
پریانکا چوپڑہ
دیسی گرل پریانکا چوپڑہ بالی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ پانے والی اداکارہ ہیں اور ان کی مقبولیت بھی بہت ہے۔ گزشتہ سال بھارتی حکومت نے پریانکا کو پدما شری ایوارڈ سے نوازا۔ ’ٹائم ‘ میگزین کی دنیا کی 100 بااثر خواتین میں پریانکا چوپڑہ کا نام بھی شامل تھا۔ پریانکا نے2000 میں مس ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا اور وہ ہالی وڈ کی سیریز ’کوانٹیکو اور بے واچ‘ میں کام کرچکی ہیں۔
انوشکا شرما
انوشکا شرما کا شمار بھی بالی وڈ کی بھاری معاوضہ پانے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انوشکا فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں اور ان کی اپنی پروڈکشن کمپنی کلین سلیٹ فلمز بھی ہے۔انوشکا شرما بالی وڈ کی انتہائی ٹیلنڈڈ اور خوبصورت اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
عالیہ بھٹ
عالیہ بھٹ بالی وڈ کا نوجوان اور فریش چہرہ ہیں۔عالیہ ویٹرن فلم میکر مہیش بھٹ اوراداکارہ سونی رازداں کی بیٹی ہیں اور چھوٹی عمر میں ہی متعدد فلموں میں عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔
کیرتی سینن
کیرتی سینن نے فلم ہیرو پنتی سے بالی وڈ میں قدم رکھا اور انہیں اپنی پہلی ہی فلم پر بہترین ڈبیو فیمیل کے فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کیرتی نے رومینٹک کامیڈی دل والے میں ورون دھون کے ساتھ بھی کام کیا۔
کرینہ کپور
بالی وڈ کی فرسٹ فیملی کپو ر فیملی سے تعلق رکھنے والی کرینہ کپور کی پہلی فلم 2000 میں ریلیز ہوئی ’ریفیوجی‘ تھی جو امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشک بچن کی بھی پہلی فلم تھی۔ گزشتہ دو عشروں کے دوران کرینہ کپور نے کچھ فلموں مثلا چنبیلی، جب وی میٹ، اوم کارا اور تلاش میں شاندار اداکاری پر خوب داد سمیٹی۔ کرینہ کپور اب تک چھ فلم فیئر سمیت متعدد ایوارڈز جیت چکی ہیں۔
سشمیتا سین
بنگال کے جادوئی حسن کی جیتی جاگتی مثال سشمیتا سین مس یونیورس 1994 کی فاتح تھیں۔ سشمیتا نے بہت سی فلموں میں کام کیا اور اپنی صلاحیتیں منوائیں۔ معاشرتی اور سماجی روایات کو چیلنج کرتے ہوئے سشمیتا نے ایک بچی کو اس وقت گود لیا جب ان کی عمر صرف 25 سال تھی۔
سونم کپور
مشہور ویٹرن اداکار انیل کپور کی بیٹی بھی اپنے والد کی طرح باصلاحیت ہیں ۔سونم کپورمیڈیا میں ایک ’منہ پھٹ‘ قسم کی شخصیت سمجھی جاتی ہیں کیونکہ جو کچھ ان کے دل میں ہوتا ہے وہ بغیر لگی لپٹی رکھے اپنی رائے کا اظہار کر دیتی ہیں ۔ سونم کو فلم ’نیرجا‘ میں بہترین اداکار ی کے لئے نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔