رسائی کے لنکس

بالی ووڈ انڈسٹری کی 100ویں سالگرہ پر ایک سال تک جشن منانے کی تیاریاں


بالی ووڈ فلم انڈسڑی کے قیام کو 100 سال مکمل ہونے والے ہیں۔ اس موقع کو یاد گار بنانے کے لئے بالی ووڈ میں زبردست جشن منانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ یہ جشن پورے ایک سال تک منایا جاتا رہے گا۔ بالی ووڈ انڈسٹری کے بانی سمجھے جانے والے دادا صاحب پھالکے نے 1913ء میں پہلی فلم ” راجا ہریش چندر “ بنائی تھی جو 3مئی 1913ء کو ریلیزہوئی تھی۔

گو کہ اتنے سالوں کے سفر میں بالی ووڈ نے ورلڈ سنیما میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے ۔ آج بھارتی فلمیں پوری دنیا میں دیکھی جاتی ہیں، ایسے میں زبردست جشن منانالازمی ہے ۔ خبر ہے کہ بالی ووڈ کے 100ویں برتھ ڈے کے جشن کو پورے سال سیلی بریٹ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس کے لئے بالی ووڈ اور بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

انڈین فلم اینڈ ٹیلی وژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس پریذنٹ اشوک پنڈت نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ”بالی ووڈ کے سو سال کی تکمیل پر جشن منانے کی تیاری زور شور سے جاری ہیں ۔ جشن کا یہ سلسلہ اس سال مئی سے شروع ہوکر اگلے سال مئی تک جاری گا کیوں کہ سو سال اگلے مئی میں ہی پورے ہوں گے ۔ اس دوران بالی ووڈ کوایک اعلیٰ مقام تک لانے والے تمام لوگوں کو اعزاز دینے کی بھی منصوبہ بندی جاری ہے۔

اگلے سال بالی ووڈ اسٹارز کونئی دہلی کے انتہائی اہم مقام” راج پتھ“ پر بھی اتارنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔یہ وہ مقام ہے جہاں سے ہر سال 26جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پریڈ نکالی جاتی ہے۔ اس موقع پر صدر و وزیر اعظم کو سلامی دی جاتی ہے اور جو لوگ مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دیتے ہیں انہیں اعزاز سے بھی نوازا جاتا ہے۔

بالی ووڈ کے سوسال کی تکمیل پرمنائے جانے والے جشن کے موقع پر یہاں تمام نئے اور پرانے بالی ووڈ ایکٹرز ایک ساتھ نظر آئیں گے۔اس حوالے یہ ایک یادگار پریڈ ہوگی۔ وزارت اطلاعات و نشریات بھی اپنی سطح پر جشن منانے کی بھرپور منصوبہ بندی کررہی ہے۔

XS
SM
MD
LG