رسائی کے لنکس

بالی ووڈ فنکاروں کی ’ادھوری محبتیں‘


بالی ووڈ کے کچھ جوڑے ایسے بھی ہیں جو ایک طویل وقت تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے مگر پھر اچانک اُن کی راہیں جدا ہوگئیں اور ان کے ’بریک اپ‘ پر نہ صرف ان کے قریبی حلقوں بلکہ لاکھوں فینز کو بھی دکھ ہوا

بالی وڈ کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ وہ نگری ہے جہاں دوستیاں اور تعلق بنتے تو ہیں لیکن زیادہ دیر اور دور تک چل نہیں پاتے۔ کسی فلم کی شوٹنگ کے دوران ہونے والی ’گہری دوستی‘ اگلی فلم تک پہنچتے پہنچتے ہی ایسے غائب ہوتی ہے جیسے کوئی جان پہچان تھی ہی نہیں۔

لیکن کچھ جوڑے ایسے بھی ہیں جو ایک طویل وقت تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے، مگر پھر اچانک ان کی راہیں جدا ہوگئیں۔ اور، ان کے ’بریک اپ‘ پر نہ صرف ان کے قریبی حلقوں بلکہ لاکھوں فینز کو بھی دکھ ہوا۔

بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا‘ نے ایسے ہی کچھ اسٹار جوڑیوں کا انتخاب کیا ہے جن کے ٹوٹنے پر انڈسٹری اور انڈسٹری سے باہر سب کو ہی افسوس ہوا۔

رہیتک روشن اور کرینہ کپور
سال 2000ء کی بلاک بسٹر رومینٹک فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ سے اسٹارڈم کی بلندیوں کو چھونے والے رہیتک روشن کی بچپن کی محبت سوزین خان تھیں۔ لیکن، کرینہ کپور کے ساتھ ان کی دوستی اور محبت کے چرچے بھی عام رہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ ’کہو نہ پیار ہے‘ میں کرینہ ہی رہیتک کی ہیروئن تھیں۔ لیکن، اختلافات کے باعث وہ یہ فلم چھوڑ گئیں۔

فلم تو چھوڑ دی، لیکن دونوں ایک دوسرے کی محبت کو دل سے ختم نہ کرسکے۔ پھر رہیتک نے سوزین سے شادی کرلی اور کرینہ کا دل ٹوٹ گیا۔ ساتھ ہی ساتھ ان تمام فینز کا بھی جو سلور اسکرین کی اس ’سلور جوڑی‘ کو حقیقی زندگی میں بھی ساتھ دیکھنا چاہتے تھے۔

رنبیر کپوراور دپیکا پڈکون
رنبیر کپور اور دپیکا پڈکون آف اسکرین بھی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار تھے اور اس محبت کا کھلے عام اعلان کرتے نہیں تھکتے تھے۔ فلم ’بچنا اے حسینوں‘ کی شوٹنگ کے دوران شروع ہونے والی لو اسٹوری بس ایک سال ہی چل پائی۔ جس کے بعد، ’لو برڈز‘ کی راہیں الگ ہوگئیں۔ دونوں کے قریبی ذرائع نے اس بریک اپ کی وجہ رنبیر کی کترینہ کیف سے بڑھتی ہوئی قربت بتایا۔

رنبیر سے جدا ہونے کے بعد کچھ دن تو دپیکا کے لئے مشکل گزرے۔ لیکن، پھر انہوں نے بھی نیا ساتھی سدھارتھ مالیا کے روپ میں ڈھونڈ لیا۔ ان سے تعلق بھی دیرپا نہ ہوا اور آج کل دپیکا کانام ’رام لیلا‘ میں ان کے کو اسٹار رنویر سنگھ کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

بپاشا باسواور جان ابراہم
بالی وڈ کے ماچو مین جان ابراہم اور بنگالی بیوٹی بپاشا باسو کو بالی وڈ کی سب سے ’ہٹ‘ جوڑی کہا جاتا تھا۔ جون اور بپاشا 10سال تک ساتھ رہے۔ لیکن، یہ تعلق دائمی نہ بن سکا اور دونوں کے راستے جدا ہوگئے۔ بپاشا نے جان سے علیحدگی کی وجہ خود جان کی بیوفائی کو قراردیا۔ جان ابراہم نے نیویارک میں خاموشی سے پریا رنچل سے شادی کرلی، جبکہ بپاشا نے تسلیم کیا ہے کہ وہ اور ہرمن باویجہ ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔

رنویر سنگھ اورانوشکا شرما
’بینڈ، باجا، برات‘ کی ہٹ جوڑی رنویرسنگھ اور انوشکا شرما میں آن اسکرین کیمسٹری کے علاوہ جو چیز مشترک تھی وہ کرن جوہر کا دونوں کا مذاق اڑانا تھا۔ کرن جوہر نے ’بینڈ، باجا، برات‘ میں انوشکا شرما اور رنویر کو کاسٹ کرنے والے اپنے دوست آدیتیہ چوپڑہ سے کہا تھا کہ دونوں میں ’دم‘ نہیں۔ لیکن، رنویراور انوشکا نے نہ صرف فلمی پرد ے پر بلکہ آف اسکرین بھی لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا۔

پہلے پہل دونوں نے رومینٹک تعلق سے انکار کیا۔ لیکن، پھر ڈھکے چھپے لفظوں میں اقرار کر ہی بیٹھے۔ اس بات کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا کہ دونوں الگ ہوگئے۔ رنویر اب دپیکا پڈکون کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں اور انوشکا کے کرکٹر وراٹ کوہلی سے محبت کی خبریں گرم ہیں۔

کرینہ کپور اور شاہد کپور
کرینہ کپور اور شاہد کپور بالی وڈ کی وہ جوڑی تھے جو سرعام اپنے پیار کا اقرار کرنے میں نہیں شرماتے نہیں تھے۔ کرینہ شاہد کی دیوانی تھیں اور یہی حال شاہد کا بھی تھا۔ سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا کہ 2007میں کرینہ کی فلم ’ٹیشن‘ اور شاہد کی فلم ’قسمت کنکشن‘ کی شوٹنگ کے دوران دونوں کی لو اسٹوری میں ٹوئسٹ آگیا۔ کرینہ اپنے کو اسٹار سیف علی خان کی محبت میں مبتلا ہوگئیں، تو شاہد کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ودیا بالن میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ کرینہ نے تو سیف کو اپنی زندگی کا ساتھی بنالیا۔ لیکن، شاہد پریانکا چوپڑہ اور سوناکشی سنہا سے دوستی کے چرچوں کے باوجود وہ اب تک اکیلے ہیں۔
XS
SM
MD
LG