رسائی کے لنکس

بالی وڈ کی فلم ریلیز ہونے سے پہلے یوٹیوب پر پہنچ گئی


بالی وڈ کی فلم ریلیز ہونے سے پہلے یوٹیوب پر پہنچ گئی
بالی وڈ کی فلم ریلیز ہونے سے پہلے یوٹیوب پر پہنچ گئی

بالی وڈ فلم ساز سدھیر مشرا کی نئی فلم ’تیرا کیا ہو گا جونی’ ابھی سنیما گھر میں ریلیز نہیں ہوئی ہے تاہم ایک دن قبل غیر قانونی طریقے سے اِس فلم کو ویڈیو شیئرینگ ویب سائٹ یو ٹیوب پر ڈال دیا گیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر ٹوٹو شرما سمیت بالی وڈ کے تمام اراکین حیرت زدہ ہیں کہ ریلیز سے قبل پوری فلم کس طرح لِیک ہو گئی۔

سدھیر کی فلم ’تیرا کیا ہو گا؟‘ جونی میں نیل نتین مکیش، سوہا علی خان، کے کے مینن اور شہانا گوسوامی اہم کردار میں نظر آئیں گے، اور انٹرنیٹ پر اِس فلم کو 11 حصوں میں تقسیم کر کے اپ لوڈ کیا گیا ہے۔

اِس پورے واقعے سے بےحد مایوس ہدایت کار سدھیر مشرا کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے لِیک کی گئی فلم اصل میں پوری نہیں ہے بلکہ فلم کا رف خاکہ ہے، اور یہ تفتیش ضروری ہے کہ آخر فلم ویب سائٹ پر کس نے چرا کر ڈالی ہے؟

خیال رہے کہ بھارت میں ریلیز سے قبل ہی فلم ’تیرا کیا ہو گا جونی؟‘ بین الاقوامی سطح پر کئی فلمی میلوں میں حصہ لے چکی ہے اور سدھیر کو شک ہے کہ فلم کے اسی ویڈیو کو یوٹیوب ویب سائٹ پر چرا کر ڈالا گیا ہے۔

سدھیر اپنی فلم کو اِس سال گرمی میں ریلیز کرنے والے تھے۔ بین الاقوامی سنیما بینوں کے لیے وہ اپنی فلم تیرا کیا ہو گا جونی کو انگریزی زبان میں ڈب کرنے کا منصوبہ بھی بنا چکے تھے۔

بالی وڈ کی جانب سے نقلی پائریٹڈ فلموں کی کالا بازاری سے لڑنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے باوجود بھارتی فلموں کی جعلی کاپیاں غیر قانونی طور پر دنیا بھر میں مہیا ہیں۔ اور جعلی فلموں کی وجہ سے بالی وڈ کو ہر سال چار سو ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ خود امیتابھ بچن کی فلم ’پا‘ کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کے پہلے دن فلم کو یوٹیوب پر لِیک کر دیا گیا تھا۔ بقول امیتابھ، بھارت میں جعلی فلموں کے بازار کے سامنے سبھی بےبس ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر نے یوٹیوب کے منتظمین سے گذارش کی ہے کہ وہ اُن کی فلم ’تیرا کیا ہو گا جونی؟‘ کی لِیک ہوئی کاپی کو ویب سائٹ سے ہٹا دیں۔ اِس کے علاوہ معاملے کی شکایت ممبئی کے پولیس اسٹیشن میں بہت جلد درج کروائی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG