رسائی کے لنکس

کامیابی کا نیا کمال، نئے چہرے راتوں رات اسٹار بن گئے


ان نئے چہروں میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا، ارجن کپور اور ٹائیگر شیروف شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے یہ چہرے ناصرف راتوں رات اسٹار بن گئے، بلکہ موویز ہٹ ہونے کی وجہ سے یہ دیکھتے ہی دیکھتے فلم میکرز کے فیورٹ بھی بن گئے

بالی وڈ میں پچھلے کچھ عرصے میں نئے چہروں نے اپنی اینٹری کے ساتھ ہی دھوم مچا دی اور نئے ہونے کے باوجود ان کی فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

ان نئے چہروں میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا، ارجن کپور اور ٹائیگر شیروف شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے یہ چہرے ناصرف راتوں رات اسٹار بن گئے بلکہ موویز ہٹ ہونے کی وجہ سے یہ دیکھتے ہی دیکھتے فلم میکرز کے فیورٹ بھی بن گئے۔

فلمی پنڈتوں کا خیال ہے کہ بالی وڈ کی ان ’ینگ گنز‘ کی وجہ سے سال 2014اب تک اچھا جارہا ہے۔ لیکن، سال کو میگاہٹ کرنے کے لئے ’خان ہیروز‘ یعنی عامرخان اور شاہ رخ خان کی جانب سے بلاک بسٹر کی ضرورت ہے، جبکہ سلمان خان ’کک‘ کی صورت میں پہلے ہی اپنا حصہ ڈال چکے ہیں۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ اور انڈوایشین نیوز سروس نے ٹریڈ تجزیہ کار ترون آدرش کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگست کے وسط تک 120فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں، جن کی مجموعی کمائی 1,400کروڑ رہی جس میں بڑا حصہ نوجوان اداکاروں اور اداکاراوٴں کا رہا جو انڈسٹری کے لئے انتہائی مثبت ہے۔

ترون کا کہنا تھا کہ ٹائیگرشیروف کی ’ہیروپنتی‘ ہو، عالیہ بھٹ کی ’ہائی و ے‘ہو یا ارجن کپور کی’ٹواسٹیٹس‘ نوجوان ٹیلنٹ نے اپنی صلاحیتوں کا ایسا شاندارمظاہرہ کیا جو سب کے لئے غیرمتوقع تھا۔

مراٹھا مندر سینما کے مالک اورجی سیون ملٹی پلیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر منوج ڈیسائی نے بھی تسلیم کیا کہ نئے آنے والے فنکاروں کی اچھی پرفارمنس سبھی کے لئے سرپرائز تھی۔ ’ہیروپنتی‘، ’ٹواسٹیٹس‘، ’ہائی وے‘ یا ’سٹی لائٹ‘، ان تمام فلموں نے نہ صرف اپنی لاگت نکالی، بلکہ منافع بھی خوب کمایا۔

ایک اور تجزیہ کار راجیش تھدھانی کے مطابق، ’باکس آفس پر ’ہیروپنتی‘ نے 51 کروڑ،’ ٹواسٹیٹ‘ نے102 کروڑ، ’غنڈے‘ نے 80 کروڑ،’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ نے 75.5 کروڑ ،’ہائی وے‘ نے 30کروڑ سدھارتھ ملہوترا کی فلم ’ایک ولن‘ نے 98 کروڑ روپے کمائے۔

کم بجٹ فلموں کا شاندار بزنس
ایک اور دلچسپ ٹرینڈ کم بجٹ فلموں کا اچھا بزنس کرنا بھی رہا۔ تھدھانی کے مطابق ’کوئن‘ نے 57 کروڑ کابزنس کیا ۔اسی طرح ’راگنی ایم ایم ایس2‘کے باکس آفس کلیکشن بھی اچھے رہے۔‘

سلمان خان کی فلم ’کک‘ سال کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی فلم کا اسٹیٹس انجوائے کررہی ہے۔ ’کک ‘ کی اب تک کی کمائی 211 کروڑ روپے ہے۔

اکشے کمار کی ’ہالیڈے۔۔اے سولجر از نیورآف ڈیوٹی‘ باکس آفس پر معقول بزنس کرسکی لیکن ان کی دوسری فلم ’انٹرٹینمنٹ‘ محض 41 کروڑ کما سکی۔

سال کی ایک اور بڑی فلم ’سنگھم ریٹرنز‘ رہی جس نے پانچ دنوں میں سو کروڑ سے زیادہ روپیہ کما کر سنگ میل عبورکیا۔ سال میں تین فلمیں ’ ٹو اسٹیٹس‘، ’جے ہو‘ اور’ہالیڈے‘ سو کروڑ کلب کی ممبر بنیں۔

ٹریڈ تجزیہ کاروں راجیش تھدھانی اور منوج ڈیسائی کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوٹرز اب جن فلموں سے بڑے بزنس کی امید لگائے بیٹھے ہیں، ان میں شاہ رخ خان کی ’ہیپی نیوائیر‘، عامرخان کی’پی کے‘ اور رہیتک روشن کی ’بینگ بینگ ‘ شامل ہیں۔

تھدھانی کے مطابق، عام طورپر 100کروڑ کی امید ہوتی ہے لیکن شاہ رخ اورعامر کی فلمیں 200 کروڑ کا بزنس کریں گی سب کی امید اوراندازہ یہی ہے۔ایسا ہوگیا تو سال میگا ہٹ ہوجائے گا۔۔

XS
SM
MD
LG