رسائی کے لنکس

استنبول میں خودکش حملہ، پانچ افراد ہلاک


جہاں یہ دھماکا ہوا وہ ٹریفک کے لیے ممنوع علاقہ ہے اور یہاں کشادہ گلیوں کے دونوں اطراف معروف مصنوعات کی دکانیں ہیں۔

ترکی کے شہر استنبول میں ہفتہ کو ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک ار اور 20 زخمی ہوگئے۔

استنبول کے گورنر واسپ شاہین نے استقلال اسٹریٹ میں ہونے والے اس دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور یہاں سے شواہد جمع کرنا شروع کیے۔

جہاں یہ دھماکا ہوا وہ ٹریفک کے لیے ممنوع علاقہ ہے اور یہاں کشادہ گلیوں کے دونوں اطراف معروف مصنوعات کی دکانیں ہیں۔

یہ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور عام طور یہاں لوگوں خاص طور پر سیاحوں کی ایک قابل ذکر تعداد موجود رہتی ہے۔ لیکن رواں ہفتے انقرہ میں ہونے والے بم دھماکے کے باعث ہفتہ کو یہاں رش کم تھا۔

اس تازہ واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروپ نے تسلیم نہیں کی ہے لیکن ترکی کو حالیہ مہینوں میں ایسے ہی پرتشدد واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں سے بعض کی ذمہ داری داعش جب کہ دیگر کی کرد باغیوں نے قبول کی ہیں۔

رواں ہفتے انقرہ میں ہوئے خودکش کار بم دھماکے میں کم ازکم 37 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ گزشتہ ماہ بھی ایسے ہی ایک واقعے میں 29 لوگوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

ان واقعات کی ذمہ داری کرد باغیوں کی ایک تنظیم نے قبول کی تھی۔

ترک قیادت دہشت گرد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہہ چکی ہے کہ وہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لی گے۔

XS
SM
MD
LG