پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے امریکی باکسر کرس الجیری کو شکست دینے کے بعد ایک بار پھر "صدی کا سب سے بڑا مقابلہ" جیتنے والے امریکی باکسر مے ویدر کو چیلنج کیا ہے۔
جمعہ کو دیر گیے نیویارک کے بارکلے سینٹر میں ویلٹر ویٹ کے ہونے والے مقابلے میں عامر نے کرس کو 117۔111، 117۔111 اور 115۔113 سے شکست دی۔
عامر خان کی یہ مسلسل پانچویں فتح تھی جب کہ کرس الجیری کی اپنے کریئر میں مسلسل دوسری شکست۔
برطانوی باکسر نے کامیابی کے بعد ایک بار پھر کہا کہ وہ فلائڈ مے ویدر سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں مے ویدر نے فلپائن کے مینی پیکیاؤ کو ایک زبردست مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔
اس مقابلے کو صدی کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا گیا جس میں فتحیاب ہونے والے باکسر کو کروڑوں ڈالرز کا انعام دیا گیا۔
عامر خان اپنے کریئر میں 30 مرتبہ کامیابی سمیٹ چکے ہیں جن میں 19 مرتبہ انھوں نے اپنے حریف کو ناک آؤٹ کیا۔