شام اور مالدیپ کی فٹ بال ٹیمز کے کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد چین میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچز دبئی منتقل کردیے گئے ہیں جب کہ ارجنٹائن کی میزبانی میں ہونے والا کوپا امریکہ فٹبال ٹورنامنٹ کرونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے پر معطل کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق پیر کو چائنیز فٹ بال ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ شام اور مالدیپ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کرونا کی تشخیص ہونے پر فٹ بال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے دبئی منتقل کیے جا رہے ہیں۔
چائنیز فٹ بال ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ ٹیموں کو قرنطینہ کیا جائے گا اور یہ ٹیمیں طے شدہ شیڈول کے مطابق مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ایشیئن فٹ بال کنفیڈریشن' کی سفارشات کے مطابق چین کی فٹ بال ایسوسی ایشن اس بات پر آمادہ ہو گئی ہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے آئندہ کوالیفائنگ مقابلے چین کے شہر'سوزہاؤ' سے دبئی منتقل کر دیے جائیں گے۔
اس سے قبل یہ مقابلے آئندہ 15 روز کے دوران محفوظ 'ببل' میں چینی شہر سوزہاؤ میں منعقد ہونا تھے۔
'اے ایف پی' نے چین کی ویب سائٹ 'ٹائٹن اسپورٹس' کے حوالے سے بتایا ہے کہ مالدیب اور شام کی ٹیمیں پہلے ہی دبئی میں ہیں اور انہیں چین کے لیے روانہ ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
مالدیپ کے اسٹرائکر علی اشفاق نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد وہ کوالیفائنگ میچ نہیں کھیلیں گے۔
کھلاڑیوں میں کرونا کی تشخیص کے باعث کوالیفائنگ میچز کے لیے بنائے گئے چین، شام، مالدیپ اور گوام کی ٹیموں کے گروپ کے میچز متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث 2022 میں قطر میں منعقد ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ کے لیے ہونے والے کوالیفائنگ میچز پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔
کوپا امریکہ ٹورنامنٹ ملتوی
دوسری جانب جنوبی امریکہ کی فٹ بال فیڈریشن 'CONMEBOL' نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ ارجنٹائن میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد 'کوپا فٹبال ٹورنامنٹ' معطل کیا جا رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق 'CONMEBOL' خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے مقابلوں کی میزبانی کے لیے کی گئی پیش کش کا جائزہ لے رہی ہے۔
کوپا کے انعقاد سے دو ہفتے قبل ہی ارجنٹائن میں کرونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے پر وہاں نو روز کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔
جنوبی امریکہ کے ممالک کا یہ ٹورنامنٹ گزشتہ برس منعقد ہونا تھا تاہم کرونا وبا کے باعث اسے 12 ماہ کے لیے ملتوی کیا گیا تھا۔
رواں برس یہ مقابلے جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا میں ہونا تھے۔ لیکن مظاہروں اور کرونا کی وبا کے بڑھتے کیسز کی باعث کولمبیا کی جانب سے 20 مئی کو ٹورنامنٹ کو مزید مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی تھی جسے فیڈریشن نے مسترد کر دیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد ارجنٹائن کوپا ٹورنامنٹ کا واحد میزبان بن گیا تھا۔ لیکن یہاں بھی کرونا کے بڑھے ہوئے کیسز کے باعث کوپا مقابلے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔