رسائی کے لنکس

برازیل: جیل میں ہنگامہ آرائی، پانچ قیدی ہلاک


برازیل کے شہری علاقوں میں جرائم کی شرح انتہائی بلند ہے اور اس وقت ملک کی جیلوں میں ساڑھے پانچ لاکھ قیدی موجود ہیں۔

برازیل کی ایک مرکزی جیل میں گزشتہ دو روز سے جاری قیدیوں کی ہنگامہ آرائی اور بغاوت پر قابو پالیا گیا ہے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پانچ قیدی ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ریاست پارانا کے علاقے کاسکاول کی جیل میں ہنگامہ آرائی کا آغاز اتوار کی صبح اس وقت ہوا تھا جب قیدیوں میں ناشتہ تقسیم کیا جارہا تھا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت ہنگامہ آرائی کاآغاز ہوا اس وقت جیل کی حفاظت پر صرف دس اہلکار تعینات تھے جو قیدیوں کو قابو کرنے میں ناکام رہے۔

قیدیوں نے دو محافظوں کو یرغمال بنانے کے بعد جیل کے 80 فی صد حصے پر قبضہ کرلیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں ساڑھے گیارہ سو قیدی موجود تھے جن میں سے 800 سے زائد قیدی ہنگامہ آرائی میں شریک ہوئے۔

ریاستی انتظامیہ کے ایک ترجمان کے مطابق قیدی بہتر سہولتوں اور اچھی خوراک کی فراہمی، ملاقات کے وقت میں اضافے اور دیگر جیلوں میں منتقلی کے مطالبات کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق منگل کی رات قیدیوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کےبعد دونوں محافظ رہا کرالیے گئے ہیں اور جیل پر انتظامیہ کا کنٹرول بحال ہوگیا ہے۔

قیدیوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت ساڑھے آٹھ سو قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد کاسکاوال جیل میں صرف 300 قیدی رہ گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بغاوت کے دوران قیدیوں نے اپنے دو ساتھیوں کا سر قلم کردیا جب کہ دیگر دو کو اونچی چھت سے نیچے پھینک کر قتل کیا گیا۔

حکام ہلاک ہونے والے پانچویں قیدی کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ جیل ترجمان کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے ایک دوسرے پر حملے جیل میں موجود جرائم پیشہ گروہوں کی باہمی چپقلش کا نتیجہ ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہونے والے 25 قیدیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ برازیل کے شہری علاقوں میں جرائم کی شرح انتہائی بلند ہے اور اس وقت ملک کی جیلوں میں ساڑھے پانچ لاکھ قیدی موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG