رسائی کے لنکس

برطانیہ نے لیبیا کے پانچ سفارت کار ملک سے نکال دیے


برطانیہ نے لیبیا کے پانچ سفارت کار ملک سے نکال دیے
برطانیہ نے لیبیا کے پانچ سفارت کار ملک سے نکال دیے

برطانیہ کا کہناہے کہ اس نے لندن میں لیبیا کے سفارت خانے کے پانچ سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا ہے کیونکہ وہ برطانیہ کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔

یہ فوری طورپر واضح نہیں ہوسکا کہ آیا بدھ کے روز ملک سے نکالے جانے والے لیبیا کے سفارت کار صدر معمر قذافی کے حامی تھے جو اپنے 42 سالہ اقتدار کے خلاف آواز اٹھانے والے باغیوں سے جنگ میں مصروف ہیں۔

برطانیہ ، اقوام متحدہ کی نو فلائی زون کی قراردار پر عمل درآمد کے لیے اس مغربی اتحاد میں شامل ہے جو لیبیا پر فضائی حملے کررہاہے۔ اس قرار داد کا مقصد قذافی کی وفادار فوج کے حملوں سے لیبیا کے عوام کو بچانا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بدھ کے روز قانون سازوں کو بتایا کہ ان کی حکومت نے ابھی تک لیبیا کے ان باغیوں کو ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ نہیں کیاہے جنہوں نے پچھلے ماہ حکومت کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا۔ کیمرون کا کہناتھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد مخصوص حالات میں شہریوں کی معاونت سے نہیں روکتی۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بدھ کے روز کہا کہ باغیوں کو ہتھیاروں کی فراہمی خطرے سے خالی نہیں ہے۔

روس 17 مارچ کو لیبیا پر فلائی زون قائم کرنے کے سلسلے میں سلامتی کونسل میں قرارداد پر ووٹنگ کے وقت اجلاس سے غیر حاضر رہاتھا۔

لاروف نے کہا کہ لیبیا میں یقینی طورپر ایک نئی اور جمہوری حکومت ہونی چاہیے ، لیکن اس کا فیصلہ خود لیبیا کے عوام کو کرنا چاہیے نہ کہ بیرونی اثرورسوخ کے تحت۔

XS
SM
MD
LG