رسائی کے لنکس

برطانیہ: شہزادی شارلٹ کی پہلی سالگرہ


یہ تصاویر ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیٹ مڈلٹن نےخود اتاری ہیں، جنھیں کینزنگٹن محل کی طرف سے شہزادی شارلٹ کی سالگرہ کے موقع پرجاری کیا گیا ہے۔

برطانوی شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی صاحبزادی شہزادی شارلٹ ایک سال کی ہو گئی ہیں اور اتوار کے روز اُنھوں نے اپنی پہلی سالگرہ منائی۔ اس موقع پر شاہی محل نے ننھی شہزادی کی چند تصاویر جاری کی ہیں۔

یہ تصاویر ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیٹ مڈلٹن نے خود اتاری ہیں، جنھیں کینزنگٹن محل کی طرف سے شہزادی شارلٹ کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔

کینزنگٹن پیلس کے ٹوئٹر کے صفحے پر شہزادی شارلٹ کی تصاویر کے ساتھ شاہی جوڑے کی طرف سے کچھ پیغامات بھی ٹوئیٹ کئے گئے ہیں۔

شاہی بیان میں نئی تصاویر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنے خاندان کے اہم لمحات لوگوں کے ساتھ بانٹنے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دوسرے لوگ بھی ان خوبصورت تصاویر سے ایسے ہی لطف اندوز ہوں گے جیسے وہ ہو رہے ہیں۔

ایک دوسری ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنی بیٹی کی تصاویر اپریل کے مہینے میں اپنے کے نارفوک کے گھر پر لی تھیں۔

واضح رہے کہ شاہی جوڑے کی طرف سے شہزادی شارلٹ کو ان کی پیدائش کے اگلے دن یعنی 2 مئی کو باضابطہ طور پر عوام سے ملوایا تھا جب اس موقع پر وہاں اسپتال کے باہر موجود دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافروں کو ننھی شہزادی کی خصوصی تصاویر اتارنے کی اجازت دی گئی تھی۔

شہزادی کا نام اس کی پردادی ملکہ الزبتھ دوئم اور آنجہانی دادی شہزادی ڈیانا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شارلٹ الزبتھ ڈیانا رکھا گیا ہے۔

ان تصاویر میں شہزادی شارلٹ کو پھولوں والے کپٹروں کے ساتھ سوئیٹر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک تصویر میں شہزادی شارلٹ گلابی سوئیٹر اور ہلکے گلابی رنگ کے فراک میں گھر کے فرش پر بیٹھی ہوئی ہے۔

دوسری تصویر میں شہزادی شارلٹ نیلی فراک اور سفید سوئیٹر میں ایک کرسی کا سہارا لے کر کھڑی ہے۔

تیسری تصویر میں وہ پیاری سی مسکراہٹ کے ساتھ گھر کے لان میں ایک رنگین حروف تہجی والے واکر کو دھکا دے رہی ہیں۔

آخری تصویر میں شہزادی شارلٹ کریم رنگ کے سوئیٹر اور نیلی فراک کے ساتھ سر پر نیلے رنگ کا کلپ پہننے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔

شاہی جوڑے کی طرف سے ننھی شہزادی کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور اب تک ننھی شہزادی کو ولادت کے بعد دوسری مرتبہ ان کی رسم بپتسمہ کے موقع پر منظر عام پر لایا گیا تھا۔

دریں اثناء پچھلے ایک برس کے دوران شاہی محل کینزنگٹن پیلس نے سرکاری طور پر شہزادی شارلٹ کی کچھ تصاویر جاری کی ہیں۔

ان میں حال ہی میں ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کی جانے والی ایک گروپ تصویر بھی شامل ہے جس میں کوئین الزبتھ دوئم اپنے پوتے، پوتیوں اور پڑپوتے پڑپوتی کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں جبکہ ان کے گود میں شاہی خاندان کی سب سے ننھی رکن شہزادی شارلٹ بیٹھی ہوئی ہیں۔

شہزادی شارلٹ کا شجرہ انھیں ملکہ وکٹوریہ کی ہفتم پڑپوتی ثابت کرتا ہے۔

یاد رہے کہ جانشینی کے نئے قوانین کے مطابق برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے بڑے صاحبزادے اور تاج برطانیہ کے دوسرے ولی عہد شہزادہ ولیم کے گھر پیدا ہونے والے سبھی بچے برطانوی تخت و تاج کے جانشین ہوں گے۔

اس قانون کی رو سے شہزادہ جارج سلطنت برطانیہ کے تیسرے جانشین اور شہزادی شارلٹ چوتھی وارث ہیں جبکہ شہزادہ ہیری بادشاہت کے امیدواروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG