رسائی کے لنکس

برطانیہ سے لاپتا خاندان کا بچوں سمیت شام جانے کا خدشہ


میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے قریب واقع لوٹن سے لاپتا ہونے والا خاندان دادا، دادی، چار بیٹوں، ایک بیٹی اور دو بہوؤں کے علاوہ تین بچوں پر مشتمل ہے۔

برطانوی پولیس نے لوٹن کے علاقے سے لاپتا ایک خاندان کے 12 افراد کی تلاش شروع کردی ہے جن کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ وہ شام روانہ ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے قریب واقع لوٹن سے لاپتا ہونے والا خاندان دادا، دادی، چار بیٹوں، ایک بیٹی اور دو بہوؤں کے علاوہ تین بچوں پر مشتمل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا خاندان اپنے آبائی وطن بنگلہ دیش چھٹیاں منانے گیا تھا جس کے بعد سے برطانیہ نہیں لوٹا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد 17 مئی سے لاپتا ہیں اور ان کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ برطانیہ واپس آتے ہوئے ترکی میں رکے تھے، جہاں سے پورا خاندان شام میں داخل ہوگیا ہے۔

تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ آیا خاندان کے کسی فرد کا نام برطانوی حکام کی مشتبہ افراد کی فہرست میں شامل تھا یا نہیں۔

بیڈ فورڈ شائر پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لوٹن سے لاپتا ہونے والے 12 افراد کےخاندان کی گمشدگی کی تحقیقات کی جارہی ہیں جنھیں بنگلہ دیش میں چھٹیاں منانے کے بعد واپس برطانیہ اپنے گھر لوٹنا تھا۔

ذرائع ابلاغ میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ خاندان مبینہ طور پر ترکی کے راستے سے شام چلا گیا ہے لیکن فی الحال پولیس اس قیاس کی تصدیق کرنے سے گریز کر رہی ہے۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے گمشدگی کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں پولیس حکام برطانیہ میں موجود لاپتا خاندان کے رشتہ داروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

گمشدہ خاندان کے ایک رشتہ دار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ "اس بات کا کوئی جواز نہیں کہ ہم صرف یہ سوچتے رہیں کہ انھوں نے شام جانے کے لیے دھوکہ دہی سے کام لیا ہے، وہ جگہ بزرگوں اور بچوں کے لیے نہیں ہے، ہمیں پورے خاندان کی سلامتی کے بارے میں بہت زیادہ فکر ہے۔"

لوٹن کے رہائشی لاپتا خاندان میں 75 سالہ عبدالمنان، ان کی اہلیہ 53 سالہ منیرہ خاتون، 21 سالہ بیٹی رجیہ خانم، بیٹے محمد زید حسن اور محمد توفیق شامل ہیں جن کی عمریں بالترتیب 25 اور 19 سال ہیں۔

ان کے علاوہ عبدالمنان کے دو شادی شدہ بیٹے، 31 سالہ محمد ابی قاسم اور ان کی 27 سالہ اہلیہ شاہدہ خانم، دوسرا بیٹا 26 سالہ محمد صالح حسین اور ان کی 24 سالہ اہلیہ روشن آراء شامل ہیں۔ لاپتا ہونے والوں میں خاندان کے ایک سال سے نو برس کی عمر کے تین بچے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالمنان ذیا بیطس کے مریض ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کو کینسر کا مرض لاحق ہے۔

برطانوی پولیس کو لاپتا خاندان کی گمشدگی کی اطلاع ان کے رشتہ داروں نے دی تھی۔ پولیس کے مطابق عبدالمنان کا خاندان 10 اپریل کو بنگلہ دیش روانہ ہوا تھا جہاں سے انھیں ایک ماہ بعد 14 مئی کو واپس برطانیہ لوٹنا تھا۔

XS
SM
MD
LG