برما کی مسلح افواج کے کمانڈر نے قومی سیاست میں فوج کے کردار کا دفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اس جنوبی ایشیائی ملک کے فوج نواز آئین کا تحفظ کریں گے۔
جنرل من آنگ ہلانگ نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز مسلح افواج کے دن کے موقع پر سالانہ پریڈسے اپنے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ 440 کے ایوان زیریں میں 25 فی صد غیر منتخب نشستیں فوج کے پاس ہیں اور وہ وہاں ملک کے مفاد میں اپنی قومی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔
برما کی سالانہ فوجی پریڈ 1945ء میں دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی اقتدار کے خلاف تحریک میں فوج کے کردار کی یاد میں منقعد کی جاتی ہے۔ موجودہ سالانہ پریڈ سویلین حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی ایسی پریڈ ہے۔
فوجی جنرل کا یہ بیان اتوار کو ہونے والے پارلیمنٹ کے ضمنی انتخابات سے چند روز پہلے سامنے آیا ہے۔ مذکورہ انتخابات میں جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی اور ان کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی حصہ لینے کے لیے اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔
نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی تمام 45 خالی نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔