امریکہ کے وزیر دفاع رابرٹ گیٹس مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کی طرف سے عہدہ چھوڑنے کے بعد پہلی مرتبہ قاہرہ کا دورہ کررہے ہیں۔
لیبیا کے خلاف نو فلائی زون پر عمل درآمد کے لیے امریکہ اور اس کی اتحادی افواج کی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے خطے میں موجود گیٹس بدھ کو دوروزہ غیر اعلانیہ دورے پر قاہرہ پہنچے ۔
مصر میں حکمران فوجی کونسل کے رہنما فیڈل مارشل محمد حسین تنتاوی سے بھی امریکی وزیر دفاع کی ملاقات متوقع ہے ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مصر میں سیاسی بحران کے دوران ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔
رابرٹ گیٹس مصر کے وزیراعظم عصام شرف سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے گذشتہ ہفتے قاہرہ کا دورہ کر کے کئی عہدیداروں اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ مصر کو درپیش اقتصادی مشکلات میں امریکہ مدد کر نا چاہتا ہے۔