امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں لگنے والی جنگل کی آگ سے مرنے والوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔
ایک ہفتے قبل لگنے والی یہ آگ 16 مختلف مقامات پر وسیع رقبے کو لپیٹ میں لے چکی ہے جس میں ایک حصہ ایسا بھی ہے جہاں یہ تقریباً 160 مربع کلومیٹر کے علاقے میں پھیلی ہوئی ہے۔
اس آتشزدگی سے اب تک 5700 مکانات اور دکانیں تباہ ہو چکی ہیں جب کہ ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔
ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ ان علاقوں میں کئی افراد نے اپنی جانیں بچانے کے لیے سوئمنگ پولز میں پناہ لے رکھی ہے جب کہ قریب ہی وہ اپنے گھروں کو جل کر خاکستر ہوتا دیکھ رہے ہیں۔
ہفتہ کو 11 ہزار آبادی والے علاقے سونوما سے لگ بھگ 400 خاندان گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے جب کہ اس کے قریب ہی واقع سانتا روزا نامی علاقے سے بھی نقل مکانی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
خشک موسم اور چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو کے لیے کی جانے والی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔
آگ بجھانے والے محکمے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ ایسی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں جس سے آگ کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں میں نو ہزار سے زائد کارکنان اور رضا کار حصہ لے رہے ہیں جو کہ کیلیفورنیا کے مختلف علاقوں سے ان متاثرہ حصوں میں پہنچے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ اس ریاست میں یہ بدترین آتشزدگی کا ہے۔