رسائی کے لنکس

کراچی: نجی ٹی وی کی وین پر فائرنگ، معاون کیمرہ مین ہلاک


ڈی ایس این جی کوریج کے لئے جا رہی تھی کہ 'کے ڈی اے' چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے وین پر فائرنگ کر دی جس سے اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور عباس زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر قریب ہی واقع عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکا

کراچی میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر کریکر حملے کے بعد واقعے کی کوریج کے لئے جانے والی پرائیویٹ ٹی وی چینل ’سماء‘ کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کے نتیجے میں معاون کیمرہ مین ہلاک ہوگیا۔ تاہم، بکتر بند گاڑی پر فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعہ اتوار کی شام کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پیش آیا۔ بکتر بند گاڑی فائیو اسٹار چورنگی پر موجود تھی کہ نامعلوم افراد اس پر کریکر پھینک کر فرار ہو گئے۔

’سماء ٹی وی‘ کا کہنا ہے کہ ڈی ایس این جی کوریج کے لئے جا رہی تھی کہ 'کے ڈی اے' چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے وین پرفائرنگ کردی جس سے اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور عباس زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر قریب ہی واقع عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم، وہ جاں بر نہ ہوسکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ان کی تعداد دو تھی۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل، مقدس حیدر کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا کی گاڑیوں پر ماضی میں بھی فائرنگ ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اب تک اے آر وائی نیوز، ایکسپریس، جیو، آج، اور سماء سمیت کئی میڈیا ہاؤس کی گاڑیوں کو فائرنگ سے جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے بلکہ دفاتر پر بھی فائرنگ، حملے اور توڑ پھوڑ کے واقعات ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG