رسائی کے لنکس

برطانوی وزیر اعظم کی خفیہ سیلفی کی دھوم


سوشل میڈیا کےصارفین میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی ایک تصویر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ یہ تصویر ایک لڑکی نے اس وقت اتاری ہےجب وہ سستی ائیر لائن کی پرواز کی اکانومی کلاس سے ہوائی سفر کر رہے تھے

کسی بھی ملک کےحکمران اور ارکان پارلیمان کا مہنگی گاڑیوں اور طیارے کی فرسٹ کلاس میں سفر کرنا معمول کی بات سمجھی جاتی ہے۔ لیکن، اگر کسی ملک کا سربراہ بچت تدابیر کو اپناتے ہوئےطیاروں کی اکانومی کلاس میں سفر کرتا ہے تو یہ یقیناً حیران کن خبر ہوتی ہے۔

ایسی ہی ایک مثال برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی قائم کی ہے،جنھوں نے ملک کے وزیر اعظم ہونے کے باوجود سادگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، حال ہی میں ایک بچت طیارے کی اکانومی کلاس سے ہوائی سفر کیا۔

سوشل میڈیا کےصارفین میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی ایک تصویر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ یہ تصویر ایک لڑکی نے اس وقت اتاری ہےجب وہ سستی ائیر لائن کی پرواز کی اکانومی کلاس سے ہوائی سفر کر رہے تھے۔

اخبار ’مرر‘ کے مطابق، ڈیوڈ کیمرون کےطیارے کی ایک ساتھی مسافر ایشیلی نے وزیر اعظم کو اپنی جانب متوجہ نہ دیکھ کر ان کےساتھ اپنی ایک خفیہ سلیفی اتار لی، جب وہ دوران پرواز ناشتےمیں ایک پونڈ اسی پینس کی چیپس کھارہے تھے۔

برطانیہ سے پرتگال کے لیے اڑان بھرنے والی بچت پرواز کی مسافر 16 سالہ ایشیلی اور ان کے ساتھی کو یہ احساس ہوا کہ وہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے صرف چند نشستوں کے فاصلے پر بیٹھے ہیں۔

ایشیلی نے اپنی ٹویٹ میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دنگ رہ گئی ہوں، مجھ سے تین نشستوں کی دوری پر وزیر اعظم دیوڈ کیمرون بیٹھے ہیں اور ناشتے میں پرنگلز کے پیپریکا چپس کھارہے ہیں ۔ انھیں دیکھر میں رو پڑی ہوں۔

ایشیلی کی خفیہ سیلفی میں ان کے پس منظر میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اپنے محافظوں کے ساتھ بیٹھے نظر آرہے ہیں، جبکہ تصویر دھندلی ہونے کے باوجود دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ جپس کھاتے ہوئے اپنے آئی پیڈ پر مصروف ہیں۔

ایشیلی نے ذرائع کو بتایا کہ مجھے ان کی منکسر المزاجی نے حیران کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ڈیوڈ کمیرون ان دنوں پرتگال میں الگاروو میں اپنی اہلیہ سمانتھا کیمرون اور تینوں بچوں کے ساتھ گرمیوں کی تعطیلات منا رہے ہیں اور وہ ویک اینڈ پر ایک سرکاری تقریب میں شرکت کی غرض سے واپس برطانیہ آئے تھے اور لگتا ہے کہ وہ اس پرواز کے ذریعے واپس پرتگال اپنے خاندان کے پاس جارہے تھے۔

تاہم، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلفی نے وزیر اعظم کی کھانے پینے کی عادتوں کا بھی انکشاف ہوا ہےجس میں وہ پرنگلز چپس سے لطف اندوز ہوتے نظر آرہے ہیں۔

وزیر اعظم کی تصویر کے حوالے سے سوشل میڈیا کی صارفین نےحیرانگی کا اظہار کیا ہے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ فرسٹ کلاس میں بھی سفر نہیں کر رہے ہیں۔ لگتا ہے واقعی برطانیہ پر کڑا وقت آگیا ہے۔

ایک اور صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ڈیوڈ کیمرون نے اکانومی کلاس سے سفر کرکے خود کو عوامی وزیر اعظم ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب وزیر اعظم نے سستی ائیرلائن کی پرواز سے سفر کیا ہے۔ انھوں نے اس سے پہلے 2013 میں پرتگال میں چھٹیاں منانے کے لیے بجٹ پرواز کا استعمال کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG