رسائی کے لنکس

پاکستان کی مسلسل تیسری فتح، کینیڈا کو 46 رنز سے شکست


پاکستان کی مسلسل تیسری فتح، کینیڈا کو 46 رنز سے شکست
پاکستان کی مسلسل تیسری فتح، کینیڈا کو 46 رنز سے شکست

پاکستان نے کینیڈا کو 46 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے مسلسل تیسرے گروپ میچ میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کے 184 رنز کے نسبتاً آسان ہدف کے مقابلے میں کینیڈا کی پوری ٹیم 138 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ آج کی فتح کے بعد پاکستان گروپ "اے" میں پہلی پوزیشن پر آگیا ہے اور اس کی کواراٹر فائنلز میں شرکت یقینی ہوگئی ہے۔

کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں جمعرات کو ہونے والے میچ میں کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امکان یہ نظر آرہا تھا کہ پاکستانی بلے باز کمزور حریف کینیڈا کے مقابلے پر رنز کا پہاڑ کھڑ ا کردینگے۔

تاہم پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتداء ہی سے مشکلات میں گھری نظر آئی اور پوری ٹیم 43 اوورز میں 184 کےمجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی.

پاکستان کی پہلی گرنے والی وکٹ محمد حفیظ کی تھی جو چوتھے اوور میں صرف 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد احمد شہزاد 12، یونس خان 6 اور کامران اکمل 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو 16 اوورز میں 67 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی ٹاپ بیٹنگ لائن پویلین لوٹ چکی تھی۔

مصباح الحق اور عمر اکمل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنا ئے اور پاکستانی اننگز کی سب سے بڑی پارٹنرشپ قائم کرکے اسکور کر ٹرپل فیگر تک پہنچایا۔ عمر اکمل پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے اور 140 کے مجموعی اسکور پر 48 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ آج کے میچ میں انھوں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔

مصباح الحق 165 کے مجموعی اسکور پر 37 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے تو پاکستانی کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ کپتان شاہد آفریدی 20 اور عبدالرزاق 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ وہاب ریاض اور سعید اجمل کوئی رنز نہ بناسکے۔ یوں پوری پاکستانی ٹیم 43 اوورز میں 184 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

کینیڈین بالر ہرویر بیدوان نے 35 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رضوان چیمہ، بالاجی رائو اور جمی ہنسرا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواباً کینیڈا نے 185 رنز کے نسبتاً آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو لگاتار چوتھے اور پانچویں اوور میں اسے اپنے اوپنرز روویندو گناسیکیرا اور نتیش کمار کی وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ گناسکیرا 8 رنز بناکر عمر گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ نتیش کمار کو 2 کے اسکور پر عبدالرزاق نے بولڈ کیا۔

کینیڈین کپتان اشیش بگائی اور زبین سرکاری نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 28 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور 17 اوورز میں کینیڈا کا اسکور 44 تک پہنچایا۔ کپتان بگائی 16 رنز بنا کر شاہد آفریدی کے گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

کپتان بگائی کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں سرکاری اور جمی ہنسرا نے کینیڈا کے اسکور میں مزید 60 رنز کا اضافہ کیا۔ سرکاری 34 ویں اوور میں 104 کے مجموعی اسکور پر 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

سرکاری کے بعد کوئی کینیڈین کھلاڑی پاکستانی بالرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکا اور 35ویں اوور میں رضوان چیمہ 4 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی بال پر آئوٹ ہوئے۔

آفریدی نے 37 ویں اوور میں 43 رنز کے ساتھ کینیڈا کے ٹاپ اسکورر رہنے والے جمی ہنسرا کی اہم وکٹ حاصل کی۔ اگلی ہی گیند پر آفریدی نے ہرویر بیدوان کو 0 کے اسکور پر پویلین واپس بھیج کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط بنادی۔ اس وقت کینیڈا کا اسکور 37 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز تھا۔

کینیڈا کی آٹھویں وکٹ 130 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاہد آفریدی کی بال پر وہاب ریاض نے گورڈون کا شاندار کیچ لیا۔ اس موقع پر عمر گل اوور کرانے آئے تو ان کی کینیڈین کھلاڑی بالاجی رائو سے تکرار بھی ہوگئی اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

بالاجی رائو کو شاہد آفریدی نے 42 ویں اوور میں رن آئوٹ کیا۔ وہ صرف ایک رن بناسکے۔ کینیڈا کی گرنے والی آخری وکٹ اوسائنڈ کی تھی جنہیں 0 کے اسکور پر وہاب ریاض نے آئوٹ کیا۔

شاہد آفریدی نے 23 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ آفریدی ورلڈ کپ کے تین میچز میں 14 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر بن گئے ہیں۔

عبدالرزاق، عمر گل، وہاب ریاض اور سعید اجمل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

پاکستان اپنے گروپ کے پہلے دومیچوں میں سری لنکا کو گیارہ اور کینیا کو 205رنز سے ہرا چکا ہے۔ گروپ کے چوتھے میچ میں پاکستان کی ٹیم منگل کو نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی۔

XS
SM
MD
LG