رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ : پاکستان کی کینیا کے خلاف 205 رنز سے فتح


ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا
ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا

پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے اپنے پہلے میچ میں کینیا کو 205 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی ہے۔

دسویں کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ ’’اے‘‘ میں شامل پاکستان اور کینیا کے درمیان بدھ کو سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے۔

پاکستان کے ابتدائی بلے باز کسی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور عبدالحفیظ نو اور احمد شہزاد ایک رن بنا کر جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔

تاہم مڈل آرڈر کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔ کامران اکمل 55، یونس خان 50 اور مصباح الحق نے 65 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی عمر اکمل تھے جنہوں نے 71 رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی صرف 7 رنز بنا سکے۔

جواباً کینیا کی پوری ٹیم 1ء33 اوورز میں 112 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ کولنزا اوبویا 47 رنز کے ساتھ کینیا کے ٹاپ اسکورر رہے۔

بیٹنگ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے 16 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل نے 2 اور محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا جبکہ کینیا کے دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔

کینیا کی ٹیم موجودہ عالمی کپ کے پہلے میچ میں بھی محض 69 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی تھی اور نیوزی لینڈ نے یہ ہدف آٹھ اوورزمیں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا تھا۔

کینیا کے خلاف اب تک کھیلے گئے پانچوں میچ پاکستان نے جیتے ہیں لیکن دونوں ٹیموں کا کبھی برصغیر یا پھرعالمی کپ میں آمنا سامنا نہیں ہواہے۔

پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچوں میں اکثر غیر معیاری بیٹنگ کینیا کی شکست کی وجہ بنی ہے۔ ان میچوں میں کینیا کا زیادہ سے زیادہ سکور 179 رہا اور آخری مرتبہ پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پوری ٹیم 94 کے مجموعی ا سکور پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

1992ء میں عالمی کپ جیتنے کے بعد پاکستان کی ٹیم کئی بحرانوں کا شکار رہی ہے لیکن حالیہ دنوں میں اُسے درپیش مشکلات ماضی کے مقابلے میں بہت سنگین ہیں۔

لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ماہرین کے خیال میں پاکستان کی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع رکھی جاسکتی ہے ۔

کینیا کی ٹیم موجودہ عالمی کپ کے پہلے میچ میں محض 69 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی تھی اور نیوزی لینڈ نے یہ ہدف آٹھ اوورزمیں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG