رسائی کے لنکس

سینچورین ٹیسٹ کا دوسرا روز، جنوبی افریقہ 223 رنز بناکر آؤٹ


پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز بنائے تھے۔ لہذا جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 42 رنز کی برتری حاصل ہے۔

سینچورین پارک میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ٹیسٹ میں دوسرے دن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 223 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز بنائے تھے۔ لہذا جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 42 رنز کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے مجموعی طور پر 60 اوورز کھیلے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے آج آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے ڈیل اسٹین جنہوں نے 23 رنز بنائے۔ وہ 146 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے نمایاں اسکور کرنے والوں میں ٹیمبا باووما نے 53 رنز بنائے جب کہ کوک 45، براؤن 29، ایلگر 22 اور ربادا 19رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی بالرز کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے چار، چاراور حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلے ٹیسٹ کے دو ریکارڈز

گزشتہ روز ڈیل اسٹین کو پاکستانی اننگز کے دوران فخر زمان کو آئوٹ کرکے جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین بالر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ ان کی 422 ویں وکٹ تھی۔

وہ شان پولاک کا 421 وکٹوں کا ریکارڈ 20 کم ٹیسٹ میچوں میں توڑنے میں کامیاب رہے۔ پولاک نے 108 ٹیسٹ میچوں میں 421 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ اسٹین نے یہ کارنامہ 89 ویں میچ میں انجام دیا۔

اس ریکارڈ کے بعد ڈیل اسٹین ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالرز کی فہرست میں 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم کے ڈیل اسٹین کو دس چوکے
ڈیل کی جانب سے ریکارڈ بنائے جانے کے باوجود بابر اعظم ڈیل اسٹین کو دس چوکے جڑنے میں بھی کامیاب رہے۔

ٹیسٹ کی ایک اننگز میں ڈیل اسٹین کے خلاف سب سے زیادہ بارہ چوکے مارنے کا اعزاز انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کو حاصل ہے۔

بابر نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 71 رنز کے دوران مجموعی طور پر پندرہ چوکے مارے ۔کمار سنگاکارا نے 2006ء میں اسٹین کی بالنگ پر ایک اننگز میں نو چوکے مارے تھے۔

XS
SM
MD
LG