رسائی کے لنکس

کنزیومرالیکٹرانکس شو 2023  کا لاس ویگاس میں  آغاز


 الیکٹرانک شو سی ای ایس 2023 لاس ویگاس میں شروع ہو گیا ہے : فائل فوٹو
الیکٹرانک شو سی ای ایس 2023 لاس ویگاس میں شروع ہو گیا ہے : فائل فوٹو

دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کی تجارت سے متعلق صارفین کا سب سے بڑا الیکٹرانک شو ، کنزیومر الیکٹرانکس شو ، یا سی ای ایس اس سال ایک بار پھر کاروبار کے لیے کھل گیا ہےجس میں ایک لاکھ شرکاء کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

اس سال کے کنزیومر الیکٹرانک شو کا موضوع ہے، دنیا کے بڑے بڑے چیلنجوں سے نمٹنے میں ٹیکنالوجی کی مدد۔

جمعرات کو لاس ویگاس میں شروع ہونے والا سال 2023 کا سی ای ایس شو اتوار تک جاری رہے گا۔ سی ایس کی منتظم کنزیومر ٹیکنالوجی ایسو سی ایشن کے مطابق اس سال کے شو میں میں 170 ملکوں اور علاقوں کی 3100 کمپنیاں اپنی الیکٹرانکس کی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کررہی ہے۔

توقع ہے کہ شرکاء عالمی برینڈز کی نئی ٹیکنالوجیز کا تجربہ کریں گے اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے بارے میں ماہرین کی گفتگو سنیں گے اور دوسرے شرکاءکے ساتھ مستقبل میں مل کر کام کرنے کے لیے براہ راست ملاقات کریں گے۔

سی ای ایس 2023 اس چیز کو اجاگر کرے گا کہ اختراعات کس طرح ، ٹرانسپورٹیشن، ڈیجیٹل ہیلتھ، میٹا ورس اور مختلف دوسرے شعبوں میں دنیا کے سب سے بڑے چیلنجوں سے نمٹ رہی ہیں ۔

کویڈ 19 کی وبا سےنمٹنے کے دو مشکل برسوں کے بعد ، جو کانفرنس اور ٹریڈ شو انڈسٹری ، یا تجارتی شو کی صنعت کے لیے خاص طور پر مشکل تھے ، توقع ہے کہ لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے اس الیکٹرانک شو تقریباً ایک لاکھ افراد دیکھیں گے۔

یہ تعداد 2020 میں سی ای ایس کے شرکاء سے لگ بھگ 40 فیصد کم ہے لیکن پھر بھی یہ 2022 کے شرکاء سے نمایاں طور پر زیادہ تعداد ہے ۔

گزشتہ دو برسوں میں کووڈ 19 کے باعث سی ای ایس نے اپنے شوز منعقد کرنے کے لیے مختلف انداز اپنائے ۔ 2021 میں اس نے اپنا شو پوری طرح سے ڈیجیٹل طریقے سے اور اومیکرون میں اضافے کے دوران 2022 میں ہائبرڈ ڈیجیٹل یا ذاتی شرکت کے ساتھ منعقد کیا ۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تجارتی تنظیم کنزیومر ٹیکنالوجی ایسو سی ایشن نے جو یہ سالانہ تقریب منعقد کرتی ہے، کہا ہے کہ اس سال تقریباً ایک تہائی شرکاء امریکہ کے باہر سے آرہے ہیں ۔

سی ای ایس کے نائب صدراور قائم مقام شو ڈائریکٹر جان کیلی نے وی او اے سے اسکائپ کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سال شو میں اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے امریکہ کے باہر سے آنے والی کمپنیوں کی ایک نمایاں تعداد اس تقریب کو واقعی عالمی تقریب بنا رہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی الیکٹرنک مصنوعات کی نمائش کے لیے آنے والی لگ بھگ 3200 کمپنیوں میں سے 1400 سے زیادہ یا 43 فیصد امریکہ کے باہر سے آرہی ہیں ۔

سی ای ایس 2023 میں گیمنگ انڈسٹری کی تازہ ترین اختراعات بھی پیش کی جا رہی ہیں : فائل فوٹو
سی ای ایس 2023 میں گیمنگ انڈسٹری کی تازہ ترین اختراعات بھی پیش کی جا رہی ہیں : فائل فوٹو

ان کا کہنا تھا کہ افریقی پویلئن میں جمہوریہ کانگو سے آنے والی ایک درجن کمپنیاں اپنی ملکی اختراعات کی نمائش کریں گی ۔یوکرین کی نمائش گاہ میں روسی افواج کے زیر محاصرہ مشرقی یورپی ملک کی ٹیکنالوجی کی کمپنیاں شامل ہوں گی ۔

کووڈ سے منسلک تقاضوں کے تحت چین سے امریکہ آنے والے لوگوں پر حالیہ تقاضوں کے باوجود منتظمین کو سینکڑوں چینی کمپنیوں کی نمائش میں شرکت کی توقع ہے ۔

کیلی نے کہا کہ سی ای ایس میں چینی کمپنیاں ہمیشہ سے بڑی تعداد میں شامل ہوتی رہی ہیں اور ہم اس سال ان کی واپسی دیکھنا شروع کر رہے ہیں، جو کافی خوشی کی بات ہے ۔

ڈیجیٹل صحت، نقل و حمل کی ٹیکنالوجی اور میٹاورس، لاس ویگاس میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی جدید ترین تکنیکی اختراعات میں سے صرف چند ہیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

عالمی خدشات سے نمٹنا

کیلی نے کہا کہ اس سال کے کنزیومر الیکٹرانک شو کا موضوع ہے، دنیا کے بڑے بڑے چیلنجوں سے نمٹنے میں ٹیکنالوجی کی مدد

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اقوام متحدہ سے منسلک ایک گروپ ، ورلڈ اکیڈمی آف آرٹس اینڈ سائنسز کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ یہ دکھا سکیں کہ ٹیکنالوجی کس طرح ان شعبوں میں مدد کر رہی ہے جنہیں ہم انسانی سیکیورٹیز یا انسانی حقوق کہتے ہیں ، جن میں خوراک، سیاسی اور ماحولیاتی سیکیورٹی اور نقل و حمل شامل ہیں۔

شو کے منتظمین کو توقع ہے کہ اس سال میٹاورس اور ویب تھری پر، جسے اس کے حامی ورلڈ وائڈ ویب کی تھرڈ جنریشن قرار دیتے ہیں، زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

سی ای ایس نے بٹ کوائن اور ڈیجیٹل کرنسی کی نیوز سائٹ کوائن ڈیسک ، کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ شو کے فلور پر ایک ایسا اسٹوڈیو بنایا جائے جس میں بلاک چین blockchain اور کرپٹو سمیت ویب تھری جیسی ایپلی کیشنز کی نمائش ہو سکے ۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہائی ٹیک موٹر گاڑیاں اور کچرا کٹھا کرنے والی شارکس

انٹر نیٹ ہائی وے سے انٹراسٹیٹ تک ، آٹو موبیل کمپنیاں ہمیشہ سے شو میں نمایاں طور پر شریک رہی ہیں اور اس سال آٹو انڈسٹری کی 300 کمپنیاں اپنی تازہ ترین مصنوعات نمائش کے لیے پیش کررہی ہیں ۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

منتظمین کا کہنا ہے کہ بحری ٹیکنالوجی میں بھی ترقی ہوئی ہے اور کشتیاں بنانے والی کمپنیاں توانائی کی پائیدار قسموں کا رخ کر رہی ہیں ۔

ڈچ کمپنی رین میرین ٹیکنالوجی کی تیار کردہ بیٹری سے چلنے والی ویسٹ شارک جھیلوں ، تالابوں اور دوسری ساحلی آبی گزرگاہوں سے پلاسٹک جیسے کچرے کو صاف کرنے والی ایک خود کار کشتی ہے ۔

تیرتے ہوئے کچرے کو صاف کرنے والی ویسٹ شارک کشتی جسے رینمیرین نے تیار کیا ہے ۔
تیرتے ہوئے کچرے کو صاف کرنے والی ویسٹ شارک کشتی جسے رینمیرین نے تیار کیا ہے ۔

کمپنی کے سی ای او رچرڈ ہرڈیمن نے وی او اے سے اسکائپ پر با ت کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ واقعی سمندر اور اس کی صفائی پر بہت کام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی کاہدف یہ ہے کہ وہ کچرے کو سمندر میں جانے سے پہلے صاف کرے ۔

ڈیجیٹل ہیلتھ

کیلی نے بتایا کہ سی ای ایس میں ایک اور شعبہ جو بہت ترقی کر رہا ہے ڈیجیٹل ہیلتھ ہے ۔ درجنوں کمپنیاں صحت کے شعبے کے لیے تیار کردہ اپنی تازہ ترین ٹیکنالوجیز کو پیش کریں گی جن میں نئی ایپلی کیشنز اور تشخیصی آلات شامل ہیں ۔

یہ آلات صارفین کو ان کی صحت سے متعلق ڈیٹا تک رسائی دیں گے اور ان کی بنیاد پر وہ اپنے لیے فیصلے کر سکیں گے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کینڈا میں قائم کمپنی ای سائٹ ای وئیر ایک ایسا ہیڈ سیٹ نمائش کے لیے پیش کرے گی جسے بصارت کی خرابی کے شکار افراد کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے مثلاً بڑھتی عمر سے منسلک پٹھوں کی کمزوری جو اے ایم ڈی کے طور پر معروف ہے۔

یہ سی ای ایس میں اس سال نمائش کے لیے پیش کی جانے والی بہت سی ٹیکنالوجیز میں سے صرف ایک مثال ہے جہاں کمپنیاں دنیا کے کونے کونے سے آئیں گی اور اپنی تازہ ترین اختراعات کو پیش کریں گی۔

XS
SM
MD
LG