رسائی کے لنکس

اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے سینیٹ کی 14 رکنی کمیٹی قائم


سینیٹر اعظم سواتی اخباری کانفرنس کرتے ہوئے۔
سینیٹر اعظم سواتی اخباری کانفرنس کرتے ہوئے۔

پاکستان کے ایوانِ بالا (سینیٹ) کے چیئرمین صادق سنجرانی نے سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک معاملے کی تحقیقات کے لیے 14 رکنی اسپیشل کمیٹی قائم کر دی ہے۔

سینیٹ کی جانب سے اتوار کو جاری کی گئی نوٹی فکیشن کے مطابق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،محسن عزیز، یوسف رضا گیلانی،غفور حیدری، انوارالحق کاکڑ، فیصل سبزواری،طاہر بزنجو، شفیق ترین اورسینیٹر مشتاق اسپیشل کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

اس کے علاوہ سینیٹر قاسم، مظفر شاہ، ہدایت اللہ خان، کامل علی آغا اور دلاور خان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

اسپیشل کمیٹی کے ارکان کنوینئر کا خود فیصلہ کریں گے جب کہ خصوصی کمیٹی اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے اسپیشل کمیٹی کو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کو ایک نامعلوم نمبر سے ذاتی ویڈیو بھیجی گئی اور یہ ویڈیو اس وقت بنائی گئی تھی جب وہ رواں برس اگست میں سپریم کورٹ لاجز کوئٹہ میں مقیم تھے۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے یہ ویڈیو بنائی انہوں نے میاں بیوی کی ذاتی زندگی میں مداخلت کی اور یہ سب سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں کیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اعظم سواتی کی 'ذاتی ویڈیو' جعلی قرار دیتے ہوئے اُنہیں سائبر کرائم ایکٹ کے تحت درخواست دینے کا مشورہ دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG