چیمپئنزٹرافی میں گروپ اے کے اہم میچ میں انگلینڈنے آسٹریلیا کو 40 رنز سے شکست دے ایونٹ سے باہر کر دیا جبکہ انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے اس میچ کے بعد بنگلہ دیش بھی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرگیا۔
بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہوا۔ بین اسٹوکس نے ناقابل شکست 102 رنز بنائے۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کیلئے 278 رنز کا ہدف دیا۔ جس کے تعاقب میں انگلینڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور صرف 35 رنز پر اس کے تین ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔
جیسن رائے4، ایلیکس ہیلزصفر اور جو روٹ 15رنز بناسکے۔
ابتداء میں جلد وکٹیں گرنے کے بعد کپتان ایون مورگن اور بین اسٹوکس نے اننگز کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں شاندار 159 رنز جوڑے۔ ایوان موگن رن لینے کی کوشش میں زامپا کی تھرو ڈائریکٹ وکٹ پر لگنے سے 87 رنز کی اننگز کھیل کررن آؤٹ ہو گئے۔
ایونٹ میں یہ تیسرا موقع ہے جب 159 رنز پرکسی پارٹنرشپ کا خاتمہ ہوا ہو، اس سے قبل ہیلز ۔ روٹ کی بنگلادیش اورگوانتھلیکا۔مینڈس کی بھارت کے خلاف شراکت داری بھی 159 رنز پر ہی ختم ہوئی تھی۔
انگلینڈ کا اسکور 4 وکٹوں پر 240 رنز تھا کہ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ، جس نے رکنے کا نام نہ لیا اور ڈک ورتھ لوئس کے قانون کے تحت انگلش ٹیم کو فاتح قرا ر دے دیا گیا۔ اس طرح آسٹریلیا کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
جب کھیل ختم ہوا تو بین اسٹوکس 102 رنزپر ناٹ آؤٹ تھے، یہ اسٹوکس کی چیمپئنزٹرافی میں پہلی جبکہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں تیسری سنچری ہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور زمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے، ٹریویس ہیڈ 71، آرون فنچ 68 اور کپتان اسٹیو اسمتھ 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈاوور عادل رشید نے 4،4 اور اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گروپ بی کے میچ میں کل بھارت اور جنوبی افریقہ کنگسٹن اوول میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔