رسائی کے لنکس

شنگھائی سے طوفان کا خطرہ ٹل گیا


شنگھائی سے طوفان کا خطرہ ٹل گیا
شنگھائی سے طوفان کا خطرہ ٹل گیا

چینی حکام نے ہفتے کے روز کہا کہ سمندری طوفان ٹائفون کے خطرے کے پیش نظر مشرقی صوبوں ژجیانگ اور فوجیان کے ساحلی علاقوں سے کئی لاکھ افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ تاہم اب ملک کے اہم صنعتی مرکز شنگھائی کو اس سے خطرہ نہیں ہے۔

اس سے پہلے موسمیات کے ماہرین نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ 162کلومیٹر کی تندوتیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے ساتھ چلنے والا طوفان شنگھائی کے بہت قریب سے گذرے گا جس سے اس شہر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لیکن اب چین کے موسمیات کے مرکزی ادارے نے کہاہے کہ ٹائفون شنگھائی کی بجائے شمال میں واقع صوبے شن ڈانگ کی طرف بڑھ رہاہے اور اگلے تین روز تک اس صوبے کے ساحلی علاقوں پر اس کی گرفت رہے گی

موسمیات کے ماہرین نے کہاہے کہ طوفان ٹائفون موئفا چین کے ایک بڑے شہر شنگھائی کے قریب سے گذر گیا ہے جس سے دوکروڑ 30 لاکھ آبادی کے اس شہر پر سے خطرہ ٹل گیا ہے۔

ایک اور خبر کے مطابق چین کے مشرقی صوبے ژجیانگ میں عہدے داروں نے طوفان کے خطرے کے پیش نظر دولاکھ سے زیادہ شہریوں کو علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچا دیا ہے۔

علاقے میں ایک سوسے زیادہ پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور ژجیانگ اور فوجیان صوبوں کے قریب سمندر میں موجود چار ہزار سے زیادہ کشتیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں میں اپنے محفوظ ٹھکانوں پر واپس چلی جائیں۔

حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ متوقع طوفان کے باعث تیز رفتار ریل گاڑیوں کوروکا یا ان کی روانگی میں تاخیر کی جاسکتی ہے۔ جب کہ ہنگامی امدادی مراکز خطرے کی صورت میں لوگوں کو متاثرہ مقامات سے نکالنے اور انہیں امداد فراہم کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔

طوفان ٹائفون جمعے کے روز جاپان کے جزیرے اوکی ناوا سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں وہاں شدید بارشیں ہوئیں اور تیزہواؤں کے جھکڑ چلے۔

XS
SM
MD
LG