کیریبین میں جنم لینے والے 'ایمیلے' نامی سمندری طوفان کے بارے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ وہ بدھ کی شب تک ہسپانیولا نامی جزیرے سے ٹکرا جائے گا جو انتظامی طور پر ہیٹی اور ڈومینیکن ری پبلک کے درمیان تقسیم ہے۔
طوفان کی آمد کی خبر نے ہیٹی کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے جہاں گزشتہ برس جنوری میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ کئی ہزار افراد اب بھی خیموں پر مشتمل کیمپوں میں مقیم ہیں۔
ہیٹی کی حکام نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر خطرناک علاقوں میں قائم کیمپوں میں مقیم ان متاثرہ افراد سے کیمپ خالی کرکے کہیں اور منتقل ہوجانے کے لیے کہا گیا ہے۔
میامی کے 'نیشنل ہیوریکین سینٹر' نے منگل کی شام جاری کی گئی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ طوفان 'ایمیلے' پورٹو ریکو کے جنوبی ساحل سے 210 کلومیٹر جنوب اور سانتا ڈومینگو سے 355 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے اور مغرب کی جانب 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب ہوجائے گا۔ طوفان کے بیرونی حلقے کے زیرِاثر پورٹو ریکو میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان کے باعث پورٹو ریکو، ڈومینیکن ری پبلک اور ہیٹی میں 15 سینٹی میٹر جبکہ کچھ علاقوں میں 25 سینٹی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے جس سے سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے زیرِاثر علاقے میں سمندری لہریں معمول کے مقابلے میں آدھے میٹر تک بلند ہوسکتی ہیں۔