چین میں گاجروں کو محفوظ کرنے والی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ میں 18 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہو گئے ہیں۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق مشرقی چین کے صوبے شین ڈانگ کی ایک فیکٹری کو اتوار کی شام آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس پر قابو پانے میں کئی گھنٹے لگے۔
خبر رساں ادارے ژنہوا نے ایک ڈاکٹر کے حوالے سے بتایا کہ زخمیوں میں ایک شخص کی حالت نازک ہے۔
پولیس نے اس حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں فیکٹری کے منیجر سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
اس سے قبل بھی چین میں فیکٹریوں میں آتشزدگی کے واقعات کے باعث ہلاکتں ہوتی رہی ہیں۔
رواں سال اگست میں چین کے مشرقی صوبے جنانگسو کے شہر کنشان میں واقع گاڑیوں کے ’ویلز‘ بنانے کی فیکٹری میں دھماکے کے بعد ہونے والی آتشزدگی سے کم از کم 68 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔