رسائی کے لنکس

بھارت کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات چاہتے ہیں: لی کیچیانگ


چین یہ کہہ چکا ہے کہ نئے وزیراعظم کی طرف سے اپنے بیرون ملک دوروں میں سب سے پہلے بھارت کا انتخاب اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بیجنگ کے لیے اس ملک کے ساتھ تعلقات کتنے اہم ہیں۔

چین کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور بھارت کے درمیان مزید مضبوط اقتصادی تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

منگل کو نئی دہلی میں اہم کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیراعظم لی کیچیانگ کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون کی مضبوطی دونوں ملکوں میں معاشی ترقی کا سبب بنے گی۔

ایک روز قبل بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ اور ان کے چینی ہم منصب مسٹر لی نے دونوں ملکوں کےدرمیان سرحدی تنازع کے حل پر اتفاق کیا تھا۔ مسٹر سنگھ کا کہنا تھا کہ بہتر تعاون کے لیے طرفین کو اعتماد کی مضبوطی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

مسٹر لی بھارت کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں جہاں توقع ہے کہ وہ اقتصادی مرکز ممبئی میں اعلیٰ کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

چین یہ کہہ چکا ہے کہ نئے وزیراعظم کی طرف سے اپنے بیرون ملک دوروں میں سب سے پہلے بھارت کا انتخاب اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بیجنگ کے لیے اس ملک کے ساتھ تعلقات کتنے اہم ہیں۔

چین بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

بھارت کے بعد مسٹر لی پاکستان، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی کا دورہ بھی کریں گے جس کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ چین دنیا کے ساتھ مزید دیرینہ تعلقات کا خواہاں ہے اور اسے کسی بھی طرح کی خطرہ تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
XS
SM
MD
LG