رسائی کے لنکس

چین: وسط مارچ سے رجسٹریشن کے بغیر انٹرنیٹ بلاگز کے استعمال پر پابندی


چین: وسط مارچ سے رجسٹریشن کے بغیر انٹرنیٹ بلاگز کے استعمال پر پابندی
چین: وسط مارچ سے رجسٹریشن کے بغیر انٹرنیٹ بلاگز کے استعمال پر پابندی

چین کی میڈیا رپورٹوں میں کہاگیا ہے کہ مارچ کے وسط سے بیجنگ کے انٹرنیٹ صارفین اپنی شناخت پوشیدہ رکھ کر بلاگز پر اپنے تبصرے شائع نہیں کرسکیں گے۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اخبار پیپلز ڈیلی نے اپنی بدھ کی اشاعت میں کہا ہے کہ16 مارچ سے چین کے دارالحکومت میں انٹرنیٹ بلاگز استعمال کرنے والے تمام چینی صارفین کو اپنا اصل نام رجسٹر کروانا ہوگا ۔ بصورت دیگر وہ ویب پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کرسکیں گے اور نہ ہی کسی پیغام کو فاروڈ کرسکیں گے۔

یہ اقدام چین کے حکام کی جانب سے انٹرنیٹ پر اپنا کنٹرول سخت کرنے کی مہم کا ایک حصہ ہے ، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ انٹرنیٹ سے اس سال کے آخر میں کمیونسٹ پارٹی کی لیڈر شپ میں شاذونادر ہونے والی تبدیلی سےقبل بے چینی بھڑکانے کا کام لیا جاسکتا ہے۔

اخبار نے بیجنگ کے انٹرنیٹ انفارمشن آفس کے ایک عہدے دار تونگ لی شیانگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومتی کارروائی کو ویب استعمال کرنے والوں کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔

جب کہ دوسری جانب چین میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد اس نئی پالیسی پر کھلے عام نکتہ چینی کرچکی ہے۔ ان کا کہناہے کہ اس سےآزاد ی اظہار پر قدغن لگ جائے گا اور حکام انٹرنیٹ پر حکومت مخالف تبصرے شائع کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ کرسکیں گے۔

حکومت کا کہناہے کہ اس پالیسی کامقصد سماجی استحکام قائم رکھناہے اور اس اقدام سے غلط افواہیں اور غیر مناسب مواد کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مدد مل سکے گی۔

XS
SM
MD
LG