رسائی کے لنکس

ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے چین کی تیاری


ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے چین کی تیاری
ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے چین کی تیاری

چین کی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک بڑے پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت شمالی اور جنوبی قطبی خطوں میں تحقیق کی غرض سے ماہرین کی ٹیمیں روانہ کی جائیں گی۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ژنہوا' کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی ایک خبر میں حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ چین 2015ء تک انٹارکٹک کی جانب پانچ اور آرکٹک کو دو تحقیقاتی ٹیمیں روانہ کرے گا۔ حکام کےمطا بق پہلی ٹیم رواں برس نومبر کے آغاز تک انٹارکٹک کو روانہ ہوجائے گی۔

حکام نے 'ژنہوا' کو بتایا کہ محققین قطبی علاقوں میں موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لیں گے۔ قطبی علاقوں میں چینی مشنز کے منتظم ادارے 'آرکٹک اینڈ انٹارکٹک ایڈمنسٹریشن' کے ڈائریکٹر کو تانژو کا کہنا ہے کہ ان کا ملک قطبی علاقوں میں آنے والی والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے خود کو محفوظ نہیں رکھ سکتا۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ چین 2015ء تک اپنا دوسرا برف توڑ بحری جہاز بھی تیار کرلے گا جو اس کے موجودہ جہاز 'ژی لونگ' یعنی 'آئس ڈریگن' کے ساتھ قطبی علاقوں میں مہمات انجام دے گا۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں برف توڑ جہازوں کو دونوں قطبی علاقوں میں بیک وقت کام پر تعینات کرنے کے حوالے سے منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔

XS
SM
MD
LG