رسائی کے لنکس

چین کی ثقافت کے فروغ کے لیے اقدامات کا مطالبہ


چین کی ثقافت کے فروغ کے لیے اقدامات کا مطالبہ
چین کی ثقافت کے فروغ کے لیے اقدامات کا مطالبہ

چین کی حکمران جماعت کے رہنمائوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک چین کے مثبت رخ کی تشہیر اور داخلی سطح پر ہونے والی تیز رفتار معاشی ترقی کو معاشرے کے لیے سازگار بنانے کی غرض سے چینی ثقافت کو فروغ دینے کے اقدامات کرے۔

یہ تجویز منگل کو 'کمیونسٹ پارٹی' کی مرکزی کمیٹی کے چار روزہ اجلاس کے اختتام پر سامنے آئی ہے جس کی کاروائی کو خفیہ رکھا گیا تھا۔

کمیٹی کے اراکین نے حکمران جماعت کی '18ویں قومی کانگریس ' آئندہ ماہ کے آخر میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا جس میں ممکنہ طور پر چین اور کمیونسٹ پارٹی کی نئی قیادت کی منظوری دی جائے گی۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'سنہوا' نے مرکزی کمیٹی کی جانب حکومت کو بھجوائی گئی ایک رپورٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کمیٹی اراکین نے ثقافتی سرگرمیوں کے لیے مزید وسائل مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے قومی اتحاد کو فروغ دینے اور عوام میں "ثقافتی تحفظ" کا احساس پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

بعض ناقدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس تجویز کا بظاہر مقصد چین میں روز افزوں بڑھتے انٹرنیٹ صارفین پر ثقافتی اقدار کے تحفظ کے نام پر مزید قدغنیں لگانا ہے کیوں کہ انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے سرکاری پالیسیوں کو بے باکانہ انداز میں تنقید کا نشانہ بنانے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے چین اس بات کی اشد ضرورت محسوس کرتا ہے کہ اسے اپنی " ثقافتی قوت" اور اپنی ثقافت کے بین الاقوامی اثر و رسوخ میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے جب کہ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ چینی حکومت اپنی عوام کو مادی زندگی کے ساتھ ایک خوش گوار ثقافتی زندگی بھی فراہم کرے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک متحرک ثقافتی صنعت چین کی معاشی ترقی میں مددگار ہوگی۔

خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں پڑوسی ملک جنوبی کوریا کا حوالہ بھی دیا ہے جسے فلموں اور انٹرنیٹ گیمنگ سے متعلق مصنوعات کی برآمد کے ذریعے حاصل ہونے والا زرِ مبادلہ ان مدات میں چین کو ہونے والی آمدنی سے بالترتیب سات اور 10 گنا زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG