سوڈان کے باغیوں نے چینی کارکنوں کے ایک گروپ کو، جسے ا نہوں نے جنوبی ریاست کردفان سے 10 روز قبل یرغمال بنایا تھا، رہا کردیا ہے۔
سوڈان کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز کہا کہ چینی کارکنوں کو ریڈکراس کے طیارے کے ذریعے کینیا بھیجا جارہاہے ، جہاں انہیں چینی سفارت خانے کے عہدے داروں کے حوالے کردیا جائے گا۔
وزارت نے رہا کیے جانے والے کارکنوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
جنوری کے آخر میں سڑکیں تعمیر کرنے والی ایک چینی کمپنی کے کیمپ پر باغیوں نے حملہ کرکے 29 کارکنوں کو اغوا کرلیاتھا۔ جن میں سے 17 کارکن فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جب کہ ایک لاپتا ہوگیا۔
پیر کے روز چین کے خبررساں ادارے سنہوا نے کہا کہ سوڈان کے حکام نے لاپتا کارکن کی نعش ان کے حوالے کردی ہے جسے حملے کے بعد باغیوں نے ہلاک کردیا تھا۔
چین کے کارکنوں کو سوڈان کی پیپلز لبریشن موومنٹ نارتھ نے اغوا کیا تھا ۔ یہ تنظیم نئے آزاد ہونے والے ملک جنوبی سوڈان کی سرحد کے ساتھ متحرک ہے۔
باغی روایتی طورپر جنوب کی جانب میلان رکھتے ہیں۔ سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان جون کے مہینے سے پہاڑی سلسلے نوبہ میں لڑائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو اپنی جانیں بچانے کے لیےجنوبی سوڈان فرار ہونا پڑا ہے۔