رسائی کے لنکس

تبت کی صورت حال پر امریکہ کی تشویش


امریکہ نے تبتی علاقے کی صورت حال پر، جہاں حال ہی میں ایک اور بھگشو نے خود سوزی کی ہے، اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

وائس آف امریکہ کی تبتی سروس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ بدھ کو ایک 20 سالہ بھگشو نے جس کا نام لوبسانگ شرب بتایا گیا ہے، جنوب مغربی صوبے سیچوان کے شہر چا تون شپ میں سڑک پر خود کو نذر آتش کرلیا۔

شرب بودھ عبادت گاہ کرتی کا ایک رکن تھا، جہاں بیجنگ کے خلاف جذبات اپنے عروج پر ہیں۔

شرب اس سال خودسوزی کرکے ہلاک ہونے والا 20 واں بھگشو ہے، جب کہ خودسوزی کی کوشش کرنے والے کم ازکم 10 بھگشوؤں کی جان بچائی جاچکی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے نامہ نگاروں سے کہاہے کہ چین دلائی لامہ پر نکتہ چینی کرکے تبت کے علاقے کی صورت حال کو مزید بگاڑ رہاہے۔

تبت کے روحانی راہنما دلائی لامہ جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں۔

امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی نے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں تبتیوں کو ہدف بنانے والی سخت پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے بیجنگ پر زور دیا ہے کہ بشمول دلائی لامہ تبتی بودھ راہنماؤ ں کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لانگ لی نے اس کے ردعمل میں کہاہے کہ کچھ امریکی سینیٹرز نے مسودے کی منظوری دیتے وقت غلط اور صحیح کو آپس میں گڈمڈ کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG