رسائی کے لنکس

سبکدوش ہونے والے امریکی سفیر کو چین کا خراجِ تحسین


سبکدوش ہونے والے امریکی سفیر کو چین کا خراجِ تحسین
سبکدوش ہونے والے امریکی سفیر کو چین کا خراجِ تحسین

چین میں تعینات امریکی سفیر جان ہنٹس مین کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں جبکہ چینی حکومت کی جانب سے ہنٹس مین کی سفارتی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق چین میں تعینات امریکی سفیر 2012 کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اسی لیے اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔ گزشتہ روز وہائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے بھی ان اطلاعات کی تصدیق کی تھی کہ ہنٹس مین اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں، تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے انتخابات میں حصہ لینے کے ارادے سے وہائٹ ہاؤس آگاہ نہیں۔

چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہانگ لی کا منگل کے روز بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چینی حکومت چین اور امریکہ کے درمیان ’مثبت، ہمہ جہتی اور دو طرفہ تعاون‘ پر مبنی اشتراکِ کار کے لیے سفیر ہنٹس مین کی خدمات کی معترف ہے۔

ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے امریکی ریاست یوٹا کے سابق گورنر ہنٹس مین نے 2009 ءمیں صدر اوباما کی جانب سے پیش کیا جانے والا چین میں امریکی سفیر کا عہدہ قبول کرکے اپنی جماعت کے کئی ارکان کو حیران کردیا تھا۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ 2012 کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے کے خواہاں ہیں اور پارٹی ذمہ داران کی جانب سے ان کے انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات جانچنے کےلیے ابتدائی مہم کا آغاز بھی عنقریب متوقع ہے۔

50 سالہ جان ہنٹس مین چین میں ایک مقبول شخصیت تصور کیے جاتے ہیں اور انہوں نے ایک چینی بچی کو گود بھی لے رکھا ہے۔ ری پبلکن ہنٹس مین 2009 ءمیں امریکی صدر براک اوباما کے دورہ چین اور گزشتہ ماہ ہونے والے چینی صدر ہوجن تاؤ کے دورہ امریکہ کے دوران اپنی سفارت کاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ چینی صدر کے ہمراہ واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران صدر اوباما نے ہنٹس مین کو ’غیر معمولی خدمات‘ انجام دینے پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا تھا۔

میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق ہنٹس مین چین میں امریکی سفیر کے عہدے سے 30 اپریل کو سبکدوش ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG