امریکی صدر براک اوباما نے کامرس سیکریٹری جیری لاک کو چین کیلیے نیا امریکی سفیر نامزد کردیا ہے۔
بدھ کے روز وہائٹ ہائوس میں منعقدہ ایک تقریب میں چین میں نئے امریکی سفیر کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے صدر اوباما نے چین کے ساتھ تعاون کے فروغ کی امریکی کوششوں کو جاری رکھنے کیلیے لاک کو سب سے موزوں شخص قرار دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ لاک کو اس عہدے کیلیے سب سے قابل فرد سمجھتے ہیں۔
اگر امریکی سینیٹ نے گیری لاک کی بطورامریکی سفیر چین میں تعیناتی کی منظوری دیدی تو وہ یہ عہدہ سنبھالنے والے پہلے چینی نژاد امریکی ہونگے۔ واضح رہے کہ لاک کے دادا اور والد کی پیدائش چین میں ہوئی تھی۔
نامزدگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں جیری لاک کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کے وکیل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ایک ایسے ملک میں جہاں وہ پیدا ہوئے اور پروان چڑھے، پوری تندہی اور خلوص سے انجام دینگے۔
لاک چین میں موجودہ امریکی سفیر جان ہنسٹ مین کی جگہ سنبھالیں گے جو اگلے مہینے اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہنسٹ مین صدر اوباما کے مقابلے میں آئندہ صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہونگے۔
چین کیلیے نامزد کردہ نئے امریکی سفیر کامرس سیکریٹری تعینات ہونے سے قبل امریکہ کی شمال مغربی ریاست واشنگٹن کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے کئی بار چین کا دورہ کیا اور اپنی ریاست اور چین کے درمیان قریبی تجارتی تعاون کے فروغ کیلیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔
کامرس سیکریٹری کی حیثیت سے بھی جیری لاک نے گزشتہ برس چین کا دورہ کیا تھا ۔ ان کے دورہ کا مقصد امریکہ کی متبادل توانائی کی صنعت کو چین میں متعارف کرانا تھا۔ بحیثیت کامرس سیکریٹری ، لاک چین میں امریکی برآمدات کیلیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور دیگر متعلقہ امور پر چینی حکام کے ساتھ مذاکرات کرتے رہے ہیں۔